0
Monday 15 Apr 2019 16:01

پشاور، لیڈی ہیلتھ ورکرز کا خیبر پختونخوا اسمبلی کے باہر دھرنا

پشاور، لیڈی ہیلتھ ورکرز کا خیبر پختونخوا اسمبلی کے باہر دھرنا
اسلام ٹائمز۔ پشاور کی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا۔ مشروط مذاکرات کے بعد مظاہرین نے سڑک کو کھول دیا۔ ذرائع کے مطابق پشاور کی لیڈی ہیلتھ ورکز نے اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ مظاہرین نے خیبر روڈ اور جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے مکمل بند کردیا تھا۔ مرکزی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ، صدر روڈ سمیت مختلف سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔ مظاہرے کے باعث ہونے والے ٹریفک جام میں کئی ایمبولینسز بھی پھنس گئیں۔ ایمبولینس ڈرائیورز نے مظاہرین سے راستہ دینے کی منت بھی کی تاہم مظاہرین نے ایمبولینسز کو بھی راستہ دینے سے انکار کردیا تھا۔ لیڈی ہیلتھ ورکز نے سروس اسٹرکچر کو بحال کرنے اور ہیلتھ الاؤنس کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ احکامات کے تحت اپگریڈیشن اور پروموشن پر عمل درآمد کیا جائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کے کسی نمائندے نے مذاکرات کیلئے رابطہ نہیں کیا اور اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو دھرنا جاری رکھیں گے۔ بعد ازاں لیڈی ہیلتھ ورکرز اور انتظامیہ کے درمیان مشروط طور پر مذاکرات ہوئے، لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطالبات کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی تاہم مظاہرین نے جی ٹی روڈ اور خیبر روڈ کو کھولنے پر رضا مندی تو ظاہر کردی تاہم سڑک کنارے بیٹھ کر مطالبات تسلیم ہونے کا انتظار کرنے لگے۔ اس سے قبل 18 مارچ کو پنجاب کی لیڈی ہیلتھ ورکز کا لاہور میں احتجاج ہوا تھا جس میں پے اسکیل اپ گریڈ کرنے، سروس اسٹراکچر تبدیل کرنے اور کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 788758
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب