0
Monday 15 Apr 2019 18:49

حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے، فائزہ نقوی

حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے، فائزہ نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ فائزہ نقوی نے کہا ہے کہ ہوشربا مہنگائی، بیروزگاری اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث عوام کی قوت خرید ختم ہوتی جا رہی ہے، حکمرانوں کا ایجنڈا اسی طرح چلتا رہا، خود انحصاری کیساتھ اپنے وسائل پر توجہ نہ دی گئی اور منصوبہ بندی نہ کی گئی تو وہ دن دور نہیں جب عوام برسر اقتدار ٹولے کے گریبان کو پہنچیں گے کیونکہ جب لوگوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں ہوتا تو وہ اپنے حقوق کیلئے اُٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور ایسے حالات ہی انقلاب کو جنم دیتے ہیں۔

فائزہ نقوی کا لاہور میں اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ نیب کے دباو اور اپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر کرپشن کے سنگین الزامات کی آڑ میں عوام کو زیادہ دیر بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ لوگوں کو سمجھ آگئی ہے کہ ماضی کی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں کی طرح تحریک انصاف کی ترجیح بھی عوام نہیں، صرف اپنا اقتدار اور بیرونی قوتوں کا ایجنڈا ہے، تاکہ آئی ایم ایف کی قسط پوری کر دی جائیں جس کیلئے بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی کردی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ دکھ اور مصیبت ہے جس کا ہر روز ہر خاندان سامنا کرتا ہے۔ متوسط طبقہ تو عرصہ ہوا ختم ہو چکا ہے، اب صرف امیر اور غریب کے ہی طبقات ہیں۔ خط غربت سے مزید 50 لاکھ افراد نیچے آ چکے ہیں جو کہ تشویش کا باعث ہے اور خدشہ ہے کہ پاکستان معاشی لحاظ سے بھوٹان اور نیپال جیسے ممالک کی فہرست میں شامل نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ حکومتی نااہلی چھپانے اور عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کیلئے وزرا سے ڈرامے بازیاں کروائی جاتی ہیں اور دھواں دھار بیانات دلوائے جاتے ہیں، اس حوالے سے تحریک انصاف خاصی خود کفیل بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی آنکھیں کھل چکی اور ان کی امیدیں دم توڑ چکی ہیں، انہیں سابقہ حکومتوں اور موجودہ حکمرانوں میں کوئی فرق محسوس نہیں ہو رہا، وہ تسلیاں دیتے تھے اور یہ اپوزیشن کو گالیاں دیتے ہیں حتیٰ کہ اب تو شریف خاندان کی بیٹیوں کو بھی نیب نے طلب کرلیا ہے جو کہ ہماری مشرقی روایات کا جنازہ نکالنے کے مترادف ہے۔ بھلا سیاسی انتقام میں بیٹیوں کو عدالتوں کے چکر لگوائے جاتے ہیں۔ فائزہ نقوی نے مطالبہ کیا کہ عوام کے بنیادی مسائل کی طرف توجہ دی جائے اور انہیں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
خبر کا کوڈ : 788783
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش