0
Monday 15 Apr 2019 21:27

اللہ سے باغی اور حرام خور قیادت سے کسی خیر کی امید عبس ہے، محمد حسین محنتی

اللہ سے باغی اور حرام خور قیادت سے کسی خیر کی امید عبس ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اللہ سے باغی اور حرام خور قیادت سے کسی خیر کی امید عبس ہے، حکومت ادھر اُدھر کی باتیں کرکے وقت گذاری کرنے کی بجائے مہنگائی، بجلی بحران کے خاتمے سمیت قوم سے کئے گئے وعدوں پر عمل کرے، غیروں کو خوش کرنے کے لئے ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو کمزور کرنے سے باز اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے، سندھ باب الاسلام ہے، عوام بدی کے خاتمے اور نیکی کے فروغ کے لئے جماعت اسلامی کی دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کا ساتھ دیں کیونکہ دنیا میں امن سمیت پوری انسانیت کا سکھ و چین غلبہ اسلام میں ہی مضمر ہے، سندھ کی تقسیم کا نیا شوشہ اپنی سیاست چمکانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھنٹہ گھر سکھر میں لگائے گئے دعوتی کیمپ سے خطاب و سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقات اور مختلف بازاروں میں رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں گشت کے دوران کیا۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی امیر مولانا حزب اللہ جکھرو، جنرل سیکرٹری مولانا سلطان احمد لاشاری، مقامی امیر زبیر حفیظ شیخ، جے آئی یوتھ کے عبدالمالک تنیو و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

صوبائی امیر نے کہا کہ حکومت کی آٹھ ماہ کی کارکردگی اور مہنگائی سمیت عوام دشمن اقدامات پی ٹی آئی قیادت سے وابستہ امیدیں مایوسی میں تبدیل ہورہی ہیں، خوشحالی و تبدیلی کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت میں نا ہوتے ہوئے بھی روزگار تعلیم صحت کے میدان میں سندھ کے عوام کی بلاتفریق خدمت کر رہی ہے، عوام نے اگر موقع دیا تو انکی امیدوں پر پورا اتریں گے، عبدالستار افغانی نعمت اللہ خان سے لیکر دو مرتہ کے پی کے کے سینئر وزیر سینیٹر سراج الحق تک کی کارکردگی امانت دیانت و خدمت پوری قوم کے سامنے ہے جس کے مخالفین بھی معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے گناہوں کی توبہ، انسانیت کی خدمت کے ذریعے رب کو راضی اور مہنگائی سمیت تمام مصیبتوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں، جماعت اسلامی کی دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کا مقصد بھی یہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 788806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش