QR CodeQR Code

مودی کشمیری پنڈتوں اور افسپا پر سیاست کررہے ہیں، غلام نبی آزاد

16 Apr 2019 21:23

کانگریس کے سینئر لیڈر کا کہنا تھا کہ بی جے پی فرقہ واریت اور تفریق پسندی کا سہارا لیکر انتخابی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے اور لوگوں کے مجموعی مفادات کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ حزب اختلاف کے لیڈر و کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے نریندر مودی پر جنگی ماحول پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتخابی فائدے کے لئے ملک بھر میں بداعتمادی اور خوف کا ماحول پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی افسپا اور کشمیری پنڈتوں کے معاملے پر سیاست کررہے ہیں۔ بھدرواہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے 2014ء میں نوجوانوں، کسانوں اور سماج کے دبے کچلے طبقوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر کوئی بات ہی نہیں کی جارہی اور انہوں نے ملک میں ووٹ حاصل کرنے کے لئے خوف کا ماحول پیدا کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے گذشتہ انتخابات کے دوران یہ وعدہ کیا تھا کہ دس کروڑ ملازمتیں فراہم کی جائیں گی اور کسانوں کی آمدن میں پچاس فیصد اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ کالے دھن کو واپس لایا جائے گا، جبکہ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کے تحت ہر ایک کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع ہوں گے، تاہم یہ تمام وعدے سراب ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان لگاتار خودکشی کررہے ہیں اور حکومت انہیں دیگر مسائل میں الجھانے کی کوشش کررہی ہے۔

غلام نبی آزاد کا کہنا تھا کہ بی جے پی فرقہ واریت اور تفریق پسندی کا سہارا لیکر انتخابی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے، اور لوگوں کے مجموعی مفادات کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس نے ملک کی آزادی میں اہم رول اد اکیا اور اس کے بعد ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے اسے عالمی سطح کی چند بڑی طاقتوں کی صفوں میں کھڑا کیا اور آج اسی پارٹی سے حب الوطنی کا پوچھا جارہا ہے۔ انہوں نے نریندر مودی کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کو دھوکہ بازی اور فرضی وعدوں سے بیوقوف بنا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 788870

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/788870/مودی-کشمیری-پنڈتوں-اور-افسپا-پر-سیاست-کررہے-ہیں-غلام-نبی-ا-زاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org