0
Tuesday 16 Apr 2019 18:06

ہزارہ کمیونٹی کو انصاف دلانےکیلئے سب سے آگے پیپلز پارٹی اور آپکا بھائی ہوگا، بلاول بھٹو

ہزارہ کمیونٹی کو انصاف دلانےکیلئے سب سے آگے پیپلز پارٹی اور آپکا بھائی ہوگا، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزارہ کمیونٹی میں کوئی ایسا نہ ہوگا، جس کا کوئی شہید نہ ہوا ہو، میرا بھی شہیدوں کا خاندان ہے، انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچے، بلاول کوئٹہ میں ہزارہ ٹاؤن امام بارگاہ گئے، جہاں انہوں نے دھماکے کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی۔ بلاول نے متاثرین سے اظہار تعزیت کیا اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت سے ظلم اور مشکلات دیکھی ہیں، میرے خاندان نے بھی مشکلات دیکھی ہیں، میرے خاندان نے دیکھا، میرے نانا، ماموں اور والدہ کو شہید کیا گیا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ ہمارے ہزاروں کارکنوں کو بھی شہید کیا گیا، ہزارہ کمیونٹی میں کوئی ایسا نہ ہوگا، جس کا کوئی شہید نہ ہوا ہو، اتنی لاشیں گرنے کے باوجود ہماری حکومت فیصلہ نہ لے سکی۔ انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردوں کے خلاف کوئی اکیلا نہیں لڑ سکتا، ہمیں اپنے ملک کو ان لوگوں سے پاک کرنا ہوگا۔ ہم نے ان کے خلاف نیشنل ایکشن پلان بنایا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ جب تک مظلوموں کے ساتھ نہیں کھڑے ہوں گے، انہیں انصاف نہیں ملے گا، میں بھی شہید کا بیٹا ہوں اور انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، میں آپ کے ساتھ ہوں، تاکہ عوام کو تحفظ ملے اور آپ چین سے زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ہمارے عوام کو امن دینا پڑے گا، عوام کے امن کے لیے سب سے آگے پیپلز پارٹی اور آپ کا بھائی ہوگا۔ ہم ملک دشمن ہیں یا وہ کالعدم تنظیمیں جو ملک کو نقصان پہنچا رہی ہیں، افسوس ہے ہم آج نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کر رہے۔ بعد ازاں انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے دہشت گردی کے واقعات پر متاثرہ علاقوں میں آنا پڑتا ہے، ہم نے ان کے خلاف نیشنل ایکشن پلان بنایا، بار بار انہی لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، جو شہداء ہیں، ان کے لیے ہم کچھ نہیں کرسکتے، کیا وزیراعظم نے ایک بھی نیکٹا کا اجلاس بلایا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ 4 دن گزرنے کے باوجود اب تک وزیراعظم بلوچستان نہیں پہنچے، پاکستان پیپلز پارٹی نے آمروں کا مقابلہ کیا، میں بھی ایک شہید خاندان کے ساتھ تعلق رکھتا ہوں۔ معصوم بچوں کے قاتلوں کو کٹہرے میں دیکھنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں بھی مستونگ، پشاور، بنوں میں دھماکے ہوئے، سیاسی جماعتوں کے لیڈر جیلوں میں ڈالے جا رہے ہیں، اسمبلی کی تقریر میں مطالبہ کیا تھا کہ دہشت گردی کی تحقیقات ہونی چاہیئے، سیاستدانوں کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں، کیا دہشت گردوں کی ہوں گی۔؟ بلاول کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں امن دیکھنا ہے تو دہشت گردی کو شکست دینا ہوگی، دہشت گردی کے خلاف پوری ریاست کو یکجا ہونا پڑے گا، ملک دشمن وہ ہے جو ملک میں امن نہیں چاہتے، پاکستان کی عوام چاہتی ہے کہ یہاں امن ہو۔
خبر کا کوڈ : 788943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش