0
Tuesday 16 Apr 2019 18:29

بلوچستان میں موسلادھار بارشیں، زیارت میں غیر متوقع برفباری

بلوچستان میں موسلادھار بارشیں، زیارت میں غیر متوقع برفباری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کا سب سے پسماندہ صوبہ بلوچستان ان دنوں ایران کی جانب سے داخل ہونے والے غیر متوقع سسٹم کے سبب بارشوں کی لپیٹ میں ہے، جبکہ زیارت میں برف باری بھی ہو گئی ہے، حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے 124 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع زیارت میں آج برفباری ہوئی ہے، سطح سمندر سے 2،543 میٹر بلندی پر واقعہ سیاحتی مقام پر برف باری معمول سے ہٹ کرہے۔زیارت میں برف باری کا سیزن عموماً اکتوبر کے اواخر یا نومبر سے شروع ہوتا ہے اور فروری کے اختتام تک جاری رہتا ہے، اس مرتبہ یہ سیزن مارچ تک رہا اور اس کے چند ہی دن بعد ایک بار پھر برفباری کا ہونا غیر معمولی ہے، اس غیر متوقع برفباری کے سبب زیارت اور کوئٹہ میں موسم سرما طویل ہوگیا ہے، جس سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچنے کا شدید اندیشہ ہے۔

کوئٹہ شہر میں گذشتہ چار روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں بارش کی صورتحال‬ کچھ اس طرح ریکارڈ کی گئی ہے کہ کوئٹہ اور ژوب میں 37، جیونی 26، پسنی میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ‬‫گوادر میں 13، سبی میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ،‫ اورماڑہ میں 5، قلات 4، خضدار 3، اور نوکنڈی میں 2 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ایران میں بننے والا بارش کا نظام فی الحال بلوچستان، پنچاب اور کے پی میں موجود ہے، بارش کا نظام کراچی سمیت پورے سندھ سے نکل چکا ہے۔ تاحال کوئٹہ، چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سیلابی ریلے آنے سے رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بلوچستان کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، مکانات گرگئے، جبکہ رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، کئی علاقے زیرآب آ گئے۔ بلوچستان میں حالیہ بارش سے ہلاکتوں کی تعداد نو ہوگئی ہے۔

کوئٹہ، مستونگ، قلات، بولان، زیارت اور چمن میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بولان میں سیلابی ریلے سے بلوچستان سندھ شاہراہ پر ٹریفک معطل، چمن میں سڑکیں تباہ ہو گئیں۔ دکی کے کئی علاقے زیر آب آ گئے، مکان کی چھت گرنے سے خاتون زخمی ہوگئیں۔ کوہلو میں موسلادھار بارش کے سبب اب تک کئی کچے مکانات منہدم ہو چکے ہیں، ضلع بھر میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 788948
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش