0
Tuesday 16 Apr 2019 18:55

کرتار پور راہداری پر پاک بھارت تکنیکی ماہرین کے مذاکرات جاری

کرتار پور راہداری پر پاک بھارت تکنیکی ماہرین کے مذاکرات جاری
اسلام ٹائمز۔ کرتارپور راہداری پر پاک بھارت مذاکرات جاری ہیں، مذاکرات میں سڑک کی تعمیر، باڑ لگانے اور نقشوں پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے جبکہ پاکستان کی طرف سے راہداری منصوبہ پر 50 فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کرتارپور راہداری پر پاک بھارت تکنیکی ماہرین کے مذاکرات جاری ہیں، پاکستان اور بھارتی ماہرین کے درمیان مذاکرات کرتارپور زیرو لائن پر ہو رہے ہیں، مذاکرات میں سڑکوں اور زمین کے لیول، باڑ لگانے اور نقشوں سمیت مختلف امور پر بات کی جارہی ہے۔ کرتارپور میں تکنیکی ماہرین کے مذاکرات کا یہ دوسرا دور ہے، تاہم پاکستان کی طرف سے راہداری منصوبہ پر 50 فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے بھارت نے کرتارپور راہدری پر دو اپریل کو واہگہ پر ہونے والے مذاکرات ملتوی کر دیئے تھے، بھارتی وزارت خارجہ نے عجیب منطق پیش کرتے ہوئے کہا تھا، مذاکرات سے پہلے پاکستان راہداری سے متعلق تجاویز پر وضاحت دے، جواب آنے کے بعد مذاکرات کے اگلے دور کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

بھارتی وزرات خارجہ نے کرتار پور سے متعلق کمیٹی کی تشکیل پر بھی اعتراض اٹھایا تھا اور مذاکرات سے پہلے ماہرین کی کمیٹی کا ایک اور اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ پاکستانی دفترخارجہ نے کرتارپور راہداری پر پاک بھارت وفود کی سطح پر ملاقات منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا آخری وقت پر بھارت کا ہمارا مؤقف جانے بغیر مذاکرات ملتوی کرنا سمجھ سے بالا ہے۔ بعد ازاں پاکستان نے کرتار پور راہداری کی تعمیر سے متعلق مذاکرات کے لئے بھارت کی تجویز منظور کرلی تھی، جس کے بعد اعلان کیا گیا تھا پاک بھارت تکنیکی ماہرین کا اجلاس 16 اپریل کو ہوگا۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ بابا گرو نانک کے 550ویں یوم پیدائش سے قبل کرتارپور راہداری کی تعمیر مکمل ہو جائے، پاکستان نے تعمیری رابطوں کے جذبہ کے تحت بھارتی تجویز پر اتفاق کیا ہے۔

کرتار پور راہداری منصوبے پر پاک بھارت ٹیکنیکل ماہرین کی ملاقات زیرو لائن پر ہوئی تھی، جس میں پاکستان اور بھارت نے کرتارپور راہداری پر دونوں جانب باڑ لگانے پر اتفاق کرلیا تھا۔ اس سے قبل 14 مارچ کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی قیادت میں ایک وفد اٹاری گیا تھا، جہاں بھارتی حکام سے کرتار پور راہداری منصوبے پر مذاکرات کئے گئے تھے، بھارت نے اٹاری میں اجلاس کی کوریج کے لئے پاکستانی صحافیوں کو ویزےنہیں دیئے تھے۔ وطن واپسی پر ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا پاک بھارت وفود میں دوسری ملاقات 2 اپریل کو پاکستان میں ہوگی، بہت اچھی میٹنگ ہوئی، ہم آگے بڑھ چکے ہیں، 19 مارچ کو کرتارپور راہداری پر زیرو پوائنٹ پر ایک اور اجلاس ہوگا، 2 اپریل کو اجلاس پاکستان میں ہوگا، جس میں میڈیا کو مدعو کریں گے۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کوئی ویزہ شرائط نہیں، کرتاپور راہداری ویزا فری ہے، کچھ تفصیلات سے ابھی آگاہ نہیں کرسکتا۔ واضح رہے پاکستان گوردوارہ صاحب سے سرحد تک اپنی حدود میں کرتارپور کوریڈور فیز ون میں ساڑھے 4 کلو میٹر سڑک تعمیر کرے گا، اسی طرح بھارت بھی اپنی حدود میں سرحد تک راہداری بنائے گا۔
خبر کا کوڈ : 788952
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش