0
Wednesday 17 Apr 2019 10:02

وزراء کی مخالفت اور تحفظات کیوجہ سے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی منظوری ملتوی

وزراء کی مخالفت اور تحفظات کیوجہ سے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی منظوری ملتوی
اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ کے کچھ وزرا کی جانب سے مخالفت اور تحفظات کے اظہار کے ساتھ ساتھ مزید وضاحت طلب کیے جانے پر ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی منظوری ملتوی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اس معاملے پر تفصیلی غور و خوص کے لیے گزشتہ روز کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا تھا۔ اس بارے میں اندرونی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ کابینہ کے کچھ اراکین نے اس اسکیم کے تحت مجوزہ 15 فیصد شرح ٹیکس پر اعتراض کیا تو کچھ اراکین نے اس کی افادیت پر سوالات اٹھائے۔

ذرائع نے وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اس اجلاس کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے پوچھا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ اس مجوزہ ٹیکس اسکیم اور گزشتہ حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی اسی قسم کی ٹیکس اسکیم میں کیا فرق ہے۔ دوسری جانب شرح ٹیکس 15 فیصد ہونے پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے اس میں کمی کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکس اسکیم متعارف کروانے سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور پاکستان کسٹم میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر دفاع نے بھی اس خیال کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم سے نہ تو حکومت کو کوئی فائدہ پہنچے گا نہ عوام کو، کیوں کہ اس سے قبل اس طرح کی تمام اسکیمیں بے کار ثابت ہوئیں۔
 
خبر کا کوڈ : 789022
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش