0
Wednesday 17 Apr 2019 23:00

گلگت، اشکومن میں طالبعلم سے زیادتی کے بعد قتل کے 4 مجرمان کو سزائے موت

گلگت، اشکومن میں طالبعلم سے زیادتی کے بعد قتل کے 4 مجرمان کو سزائے موت
اسلام ٹائمز۔ غذر میں طالبعلم کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے چار مجرموں کو سزائے موت اور چالیس سال قید کی سزا سنا دی گئی، گلگت کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ضلع غذر کے گاؤں تشنلوٹ اشکومن میں نوجوان کے ساتھ جنسی زیادتی و قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 4 مجرموں کو سزائے موت سمیت مختلف سیکشنز کے تحت مجموعی طور پر 40 سال قید اور 8 لاکھ روپے فی کس جرمانے کی سزا سنا دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کورٹ کے جج راجہ شہباز خان نے جرم ثابت ہونے پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت چاروں ملزمان نوراعظم، نور محمد، محمد عمر اور عزیز کو سزائے موت کی سزا سنائی جبکہ چاروں ملزمان کو تعزیرات پاکستان کے ہی مختلف سیکشنز میں مجموعی طور پر چالیس سال قید بامشقت اور آٹھ آٹھ لاکھ جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 4 فروری کو ضلع غذر کے گاؤں ایمت تشنلوٹ میں نویں جماعت کے طالبعلم 15 سالہ دیدار حسین کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا، اس کیس میں چاروں ملزمان زیر حراست تھے۔ اس کیس کا 16 مارچ 2019ء کو چالان جمع ہوا تھا جس کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت میں روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت ہوئی اور صرف ایک ماہ بعد انسداد دہشت گردی عدالت نے اس اہم کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے چار ملزمان کو سزائے موت اور مختلف دفعات کے تحت چاروں ملزمان کو مجموعی طور پر چالیس چالیس سال قید بامشقت اور 8، 8 لاکھ روپے فی کس جرمانہ کی سزا کا فیصلہ سنا دیا۔ طالبعلم سے زیادتی اور قتل کے بعد غذر میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 789205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش