0
Thursday 18 Apr 2019 17:02

کھرمنگ، نوجوان نے موٹر سائیکل انجن سے گاڑی بنا لی

کھرمنگ، نوجوان نے موٹر سائیکل انجن سے گاڑی بنا لی
اسلام ٹائمز۔ ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی کے مصداق بلتستان کے ضلع کھرمنگ سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے موٹرسائیکل انجن سے گاڑی بنا لی۔ اسسٹنٹ کمشنر کھرمنگ نوجوان کی حوصلہ افزائی کرنے خود پہنچ گئے اور گاڑی چلا کر باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ کھرمنگ باغیچہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد قاسم نے کئی ماہ کی محنت کے بعد 70 سی سی موٹرسائیکل کے انجن سے گاڑی بنائی ہے جس میں چار افراد سفر کر سکتے ہیں۔ محمد قاسم کے مطابق انہیں موٹرسائیکل انجن سے گاڑی بنانے کا خیال کئی سال پہلے آیا تھا لیکن وسائل کی کمی کی وجہ سے اپنے خواب کو حقیقت بنانے میں زیادہ عرصہ لگا۔

انہوں نے کہا کہ گاڑی ایک لیٹر پٹرول سے پچاس کلومیٹر کا سفر طے کرتی ہے، اگر حکومت نے تعاون کیا تو کئی اور قسم کی گاڑیاں بنانے کا خیال ذہن میں موجود ہے۔ ادھر اسسٹنٹ کمشنر کھرمنگ شہریار شیرازی مقامی سطح پر گاڑی بنانے کی خبر سننے کے بعد خود باغیچہ پہنچے اور نوجوان کی حوصلہ افزائی کی، اے سی نے گاڑی چلا کر باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر مقامی لوگوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، لوگوں نے نوجوان کو ہار بھی پہنائے۔ اے سی کھرمنگ شہریار شیرازی نے کہا کہ سرحدی علاقے کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، محمد قاسم نے اپنی مدد آپ کے تحت اس شاہکار کو ترتیب دے کر علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کیا جائے گا، امید کرتے ہیں کہ محمد قاسم اس کام کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 789302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش