0
Thursday 18 Apr 2019 12:30

پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے

پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے
اسلام ٹائمز۔ 10 سال کے بچوں کو پہلی بار انسداد پولیو قطرے دینے کی مہم 22 اپریل سے پشاور میں شروع ہورہی ہے جس میں 16 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی سی پشاور عمران شیخ نے بتایا کہ اس سے قبل پولیو مہم میں پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو قطرے پلائے جاتے تھے لیکن اس بار 10 سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔ عمران شیخ نے کہا کہ شاہین مسلم ٹاؤن، لڑمہ اور لنڈے خوڑ کے مقام پر ٹیسٹ مثبت آئے تھے لیکن اب 90 فیصد وائرس میں کمی ہوئی ہے اور اب پشاور کو پولیو فری شہر کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ پشاور میں پولیو ویکسین پینے والوں کی عمر کی حد اس لئے بڑھائی گئی ہے کیو نکہ یہاں ماحول میں پولیو کا وائرس مستقل طور پر گردش میں ہے اور گٹر کے پانی سے پولیو وائرس کے نمونے 2017ء سے مسلسل مثبت آرہے ہیں جس کی وجہ سے یہاں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات زیادہ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ اسی طرح کی صورتحال کچھ عرصہ پہلے تک اسلام آباد میں تھی جہاں کے کچھ علاقوں سے ماحولیاتی نمونے مسلسل مثبت آرہے تھے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ان علاقوں میں تجرباتی بنیادوں پر بچوں کی عمر 5 سال سے بڑھا کر 10 سال کر دی۔ یہ حکمت عملی کا میاب رہی اور پچھلے کئی مہینوں سے اسلام آباد کے ان علاقوں کے ماحولیاتی نمونے منفی آرہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 789326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب