0
Thursday 18 Apr 2019 23:31

وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلی، نئے وزراء کیلئے نوٹیفیکیشن جاری

وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلی، نئے وزراء کیلئے نوٹیفیکیشن جاری
اسلام ٹائمز۔ اسد عمر کی جگہ حفیظ شیخ کو خزانے کی ذمہ داری دینے کے بعد وفاقی کابینہ میں مزید تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا قلمدان تبدیل کردیا گیا ہے اور انہیں سائنس اور ٹیکنالوجی کا وزیر بنادیا گیا۔ اسی طرح غلام سرور خان کو وفاقی وزیر ایوی ایشن جبکہ اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ بنادیا گیا۔

شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے سیفران جبکہ ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا کو معاون خصوصی برائے وزارت صحت بنادیا گیا۔ فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات، ندیم بابر معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویژن جبکہ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور بنادیا گیا۔ اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اپنے استعفے کے بعد سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا تھا کہ آج رات یا کل صبح کابینہ میں تبدیلیوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ آج دوپہر اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے اور کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

اسد عمر نے یہ بات سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی۔ اسد عمر نے لکھا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے میں وزارت خزانہ چھوڑ کر وزارت توانائی لے لوں۔ اسد عمر نے وزارت خزانہ کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہیں لیں گے۔ بعدازاں پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کابینہ میں تبدیلی کے خواہشمند ہیں۔ میرا تحریک انصاف کے ساتھ اچھا وقت گزرا ہے۔ آئندہ بجٹ میں حکومت کو مشکل فیصلے کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بہت بہتر شرائط پر معاہدہ ہوا ہے۔ آئندہ بجٹ میں آئی ایم ایف کے قرضہ کے اثرات پڑیں گے، اب جو شخص آئے گا وہ آئی ایم ایف پلان پر عمل کرے گا۔ خیال رہے کہ کابینہ میں بڑے پیمانے میں ردوبدل کے حوالے سے کافی عرصے سے میڈیا پر خبریں سرگرم تھیں۔
 
خبر کا کوڈ : 789404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش