QR CodeQR Code

اسد عمر کی جگہ عمران خان استعفیٰ دیتے تو حالات سازگار ہو جاتے، حافظ حسین احمد

18 Apr 2019 23:37

جیکب آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات بار بار ہوتے ہیں، مگر ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کوئی مؤثر پیش بندی یا منصوبہ بندی نہیں کی جاتی، جس کی وجہ سے بلوچستان آگ میں جل رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اسد عمر کی جگہ عمران خان استعفیٰ دیتے، تو حالات ساز گار ہو جاتے، پی ٹی آئی حکومت نے اقتصادی اور معاشی پالیسی سمیت کسی معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا، بلوچستان میں بار بار دہشتگردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، مگر کوئی مؤثر پیش بندی اور منصوبہ بندی نہیں کی جا رہی۔ جیکب آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ اسد عمر کا انجام بھی دوسروں سے مختلف نہیں ہوا، پی ٹی آئی حکومت معاملات کو سنجیدہ نہیں لے رہی اور عمران خان بچپنے کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران حکومت نے اس بات کو تسلیم کرلیا ہے کہ حکومت کرنا ان کے بس کی بات نہیں۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ حکومت کی ٹیم میں ایسی کوئی قد آور شخصیت نظر نہیں آتی، جو معاملات کو سمجھے، جن معاملات کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر کی جگہ بہتر ہوتا کہ عمران خان خود استعفیٰ دیتے، تو ملک کے حالات سازگار ہو جاتے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اسد عمر کو اپنا دماغ قرار دیا تھا، اب اس کے استعفیٰ کے بعد لگتا ہے کہ ان کے دماغ میں خلل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات بار بار ہوتے ہیں، مگر ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کوئی مؤثر پیش بندی یا منصوبہ بندی نہیں کی جاتی، جس کی وجہ سے بلوچستان آگ میں جل رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 789405

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/789405/اسد-عمر-کی-جگہ-عمران-خان-استعفی-دیتے-حالات-سازگار-ہو-جاتے-حافظ-حسین-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org