QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر کے ڈھونگ انتخابات کو نہیں مانتے، راجہ فاروق

19 Apr 2019 09:32

برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ ہندوستانی حکومت مقبوضہ جموں کشمیر کے اسلامی اور تاریخی ورثے کو تباہ کر دینا چاہتی ہیں، مساجد شہید کی جا رہی ہیں، املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ڈھونگ انتخابات کو نہیں مانتے اور مذمت کرتے ہیں، الیکشن کبھی بھی رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہو سکتے، ہندوستانی حکومت مقبوضہ جموں کشمیر کے اسلامی اور تاریخی ورثے کو تباہ کر دینا چاہتی ہیں، مساجد شہید کی جا رہی ہیں، املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، بھارتی انتہا پسندی کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اسلامی اور تاریخی ورثہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راجہ حیدر خان مرحوم کی 53ویں برسی پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ کارکن جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں، کارکنوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ جماعت کو مضبوط کرنے کے لیے جماعتی کارکن اپنا کردار ادا کریں۔ تحریک آزادی کشمیر میں خدمات سرانجام دینے والے ہمارے ہیرو ہیں انہیں یاد رکھا جائے، اقتدار میری میراث نہیں، سرخرو ہو کر جانا چاہتا ہوں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، پارلیمانی پارٹی متحدہ اور متفق ہے۔ راجہ فاروق نے کہا کہ اقتدار آنے جانے والی چیز ہے، عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کا بنیادی فرض ہے۔ میں پاکستان کی سیاست میں مداخلت نہیں کرتا، ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جس سے اقتصادی ترقی خود آئے گی۔ راجہ محمد حیدر خان نے ساری زندگی رزق حلال اور غیرت سے گزاری۔ ہمارا لیڈر صرف نواز شریف ہے اور ہم سب نواز شریف کے سپاہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 789410

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/789410/مقبوضہ-کشمیر-کے-ڈھونگ-انتخابات-کو-نہیں-مانتے-راجہ-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org