0
Friday 19 Apr 2019 11:16
ممتاز اہلسنت عالم دین مولانا عمران بشیر کا دورہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ، علامہ جواد نقوی سے ملاقات

دہشتگردی و انتہا پسندی کیخلاف موثر ترین ہتھیار علم ہے، علامہ سید جواد نقوی

دہشتگردی و انتہا پسندی کیخلاف موثر ترین ہتھیار علم ہے، علامہ سید جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ معروف اہل سنت عالم دین مولانا عمران بشیر نے حوزہ علمیہ جامعہ عروۃالوثقی لاہور کا دورہ  کیا اور استاد علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی۔ مولانا عمران بشیر نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی اتحادِ امت کیلئے کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار وحدت کے فروغ کیلئے دینی مدارس کی سطح پر کام لائق تحسین ہے، ماضی میں مدارس کو نام نہاد جہاد کیلئے استعمال کیا گیا جس سے مدارس کی بدنامی ہوئی اور آج تک مدارس کو مشکوک نظروں سے دیکھا جاتا ہے جبکہ ہمارے دینی مدارس دنیا کی موثر اور مضبوط ترین این جی اوز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح مساجد کو تقسیم کر لیا گیا کہ یہ شیعہ کی مسجد ہے، یہ سنیوں کی ہے، یہ وہابیوں کی مسجد ہے تو یہ دیو بندیوں کی، یہ افسوسناک امر ہے، مسجد اللہ کا گھر ہے اور اللہ کے ہر بندے کیلئے مشترک ہونی چاہیے۔ مولانا عمران بشیر کا مزید کہنا تھا کہ عروۃ الوثقیٰ کے تعلیمی نظام اور اہلسنت طلباء کو بھی زیر تعلیم دیکھ کر مسرت بھی ہوئی ہے اور حیرت بھی، اس شاندار اقدام پر علامہ سید جواد نقوی دادِتحسین کے مستحق ہیں۔ علامہ سید جواد نقوی نے مولانا عمران بشیر کو جامعہ  کا دورہ کرنے پر خوش آمدید کہا۔

علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا علم نور ہے اور نور کو زوال نہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم نے نور پھیلانے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم روشنی ہے اور روشنی بلاتفریق سب کیلئے ہوتی ہے، ہم نے یہ علم کی شمع تمام امت مسلمہ کیلئے روشن کی ہے، اس سے شیعہ سنی تمام مستفید ہو سکتے ہیں اور وحدت موجودہ پر آشوب دور میں انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ علم سے ہی ممکن ہے، علم دلوں کو وسیع کرتا ہے، کدورتیں مٹاتا ہے اور دہشتگردی و انتہا پسندی کیخلاف موثر ترین ہتھیار علم ہے۔
خبر کا کوڈ : 789422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش