0
Friday 19 Apr 2019 23:16

حکومتی ٹیم 8 اوورز میں ہی کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ چکی، وقار مہدی

حکومتی ٹیم 8 اوورز میں ہی کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ چکی، وقار مہدی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ اسد عمر کے استعفیٰ اور کابینہ میں ردوبدل سے تحریک انصاف کی سلیکٹڈ حکومت کا پول بھرے بازار کھل گیا ہے، 8 ماہ میں ہی موجودہ حکومت اپنی ناکام معاشی، اقتصادی اور انتظامی پالیسیوں کے باعث بے نقاب ہوگئی ہے۔ اپنے بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ جس ٹیم کا کپتان نااہل ہوگا، اس ٹیم کا حشر یہی ہونا تھا، عمران خان حکومت کو کرکٹ ٹیم کی طرح چلانا چاہتے ہیں، لیکن حکومت چلانے اور کرکٹ ٹیم کی کپتانی میں زمین و آسمان کا فرق ہوتا ہے، جس کے باعث حکومتی کرکٹ ٹیم 8 اوورز میں ہی کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ چکی ہے۔

وقار مہدی نے کہا کہ وزیراعظم اپنی کابینہ میں جتنا مرضی ردوبدل کرلیں، نتیجہ صفر جمع صفر ہی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ 8 ماہ میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، مزدور طبقہ دن بدن بیروزگار ہوتا جا رہا ہے اور اسد عمر یہ کہہ چکے ہیں کہ آنے والا بجٹ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنایا جا رہا ہے، جو بہت سخت بجٹ ہوگا، عوام سخت معاشی حالات کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ہر دن عوام دشمن اقدامات سے عبارت ہے۔ موجودہ حکومت کے 245 دن عوام نے جس اذیت ناک انداز سے گزاریں ہیں، وہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔
خبر کا کوڈ : 789564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش