QR CodeQR Code

لاپتہ ہونے والے چینی شہری کی لاش ایکسپریس وے اسلام آباد سے برآمد

20 Apr 2019 09:05

ہلاک ہونیوالے چینی باشندے کے دوست کی درخواست پر کوہسار پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ لی جن کیونگ 13 اپریل کو اسلام آباد پہنچے تھے جس کے 2 روز بعد وہ گھر سے باہر نکلے، لیکن واپس نہیں لوٹے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے چینی شہری کی لاش ایکسپریس وے کے نزدیک اقبال ٹاؤن سے بر آمد کرلی گئی۔ ہلاک  ہونیوالے چینی باشندے کے دوست کی درخواست پر کوہسار پولیس اسٹیشن میں درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں کہا گیا تھا کہ لی جن کیونگ 13 اپریل کو اسلام آباد پہنچے تھے جس کے 2 روز بعد وہ دوائیں لینے کے لیے گھر سے باہر نکلے تھے لیکن واپس نہیں لوٹے۔
 

پولیس نے اس وقت پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 365 (اغوا) کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔ ایف آئی آر میں لی کے دوست کا کہنا تھا کہ چینی باشندہ اپنا موبائل فون، پاسپورٹ اور دیگر سامان کمرے میں ہی چھوڑ کرگیا تھا اور ان کو مقامی زبان بھی نہیں آتی تھی۔ سپرینٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) عمر خان کے مطابق چینی باشندے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال روانہ کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی باشندے کی ہلاکت کو ابھی قتل قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاش پر سر پر واضح چوٹ کسی چاقو یا گولی کی نشان دہی نہیں کرتی، اِس سے لگتا ہے کہ چینی باشندے کا سر پتھر یا کسی ڈنڈے سے ٹکرایا تھا تاہم حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آسکیں گے۔ عمر خان کا کہنا تھا کہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ ایف آئی آر میں قتل کی دفعات شامل کی جانی چاہیے یا نہیں۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کو ہومیسائیڈ (قتل) یونٹ کے حوالے کردیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 789596

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/789596/لاپتہ-ہونے-والے-چینی-شہری-کی-لاش-ایکسپریس-وے-اسلام-آباد-سے-برآمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org