QR CodeQR Code

قطر میں افغان طالبان مذاکرات میں تاخیر ہونے پر شدید مایوس ہوں، زلمے خلیل زاد

20 Apr 2019 09:16

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی نمائندہ خصوصی نے کہا ہے کہ بات چیت ہی سیاسی مفاہمت اور دیر پا امن کا راستہ ہے اور رہے گا، اس کا کوئی متبادل نہیں، فریقین شرکاء کی فہرست کو قبول کریں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے قطر میں طالبان اور افغان وفد کے درمیان مذاکرات ملتوی ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ زلمے خلیل زاد نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ قطر میں افغان طالبان مذاکرات میں تاخیر ہونے پر شدید مایوس ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت ہی سیاسی مفاہمت اور دیر پا امن کا راستہ ہے اور رہے گا، اس کا کوئی متبادل نہیں، میں تمام فریقین سے اصرار کرتا ہوں کہ وہ شرکا کی فہرست کو قبول کریں جو تمام افغان شہریوں کے لیے بات کررہی ہے، کسی مدد کی ضرورت ہے تو میں تیار ہوں۔

خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے افغان حکومتی وفد کے اراکین کی تعداد پر اعتراض کے بعد دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات ملتوی کردیے گئے۔ افغانستان میں 17 سالہ طویل ترین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی سخت کوششوں کے بعد طالبان افغان حکومتی وفد سے بات چیت پر آمادہ ہوئے تھے۔ افغان حکومت نے 16 اپریل کو طالبان سے ملاقات کرنے والے 250 افراد کی فہرست شائع کی تھی، جس میں افغان صدر اشرف غنی، چیف آف اسٹاف عبدالسلام رحیمی اور انتخابات میں ہارنے والے رہنما امراللہ صالح سمیت افغان انٹیلی جنس کے سابق سربراہ بھی شامل تھے۔ فہرست میں افغانستان کے قبائلی عمائدین، نوجوانوں کے رہنما اور 52 خواتین بھی شامل تھے۔ تاہم طالبان نے اس طویل فہرست پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا اتنے زیادہ لوگوں سے ملنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 789599

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/789599/قطر-میں-افغان-طالبان-مذاکرات-تاخیر-ہونے-پر-شدید-مایوس-ہوں-زلمے-خلیل-زاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org