0
Saturday 20 Apr 2019 11:02

گلگت بلتستان کابینہ نے چار نئے اضلاع کے قیام کی منظوری دیدی

گلگت بلتستان کابینہ نے چار نئے اضلاع کے قیام کی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کی صوبائی کابینہ نے داریل، تانگیر، گوپس یاسین اور روندو کو نئے اضلاع بنانے کی منظوری دے دی۔ کابینہ اجلاس میں رمضان المبارک میں سستے بازاروں کے قیام، مستحق افراد کے لئے امدادی پیکیجز اور یوٹیلیٹی سٹورز میں اشیائے خورد و نوش سستے دام فراہم کرنے کے لئے اقدامات کی بھی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ گلگت بلتستان کے لئے گندم کی ترسیل میں نیٹکو کو ترجیح دی جائے اور اس حوالے سے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری سمیت تمام سرکاری محکموں کے سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔

کابینہ نے اگلے مرحلے میں نئے اضلاع، سب ڈویژن، تحصیل اور نیابتوں کی تشکیل کے لیے باقاعدہ طور پر پالیسی بنانے کی بھی ہدایت دی تاکہ مستقبل میں مذکورہ انتظامی یونٹس میں اداروں کے قیام اور وسائل کی فراہمی کے لیئے قانونی روڈ میپ بنایا جا سکے اور انتظامی یونٹس کو نچلی سطح تک عوامی فلاح و بہبود کے لیے تشکیل دیا جا سکے۔ کابینہ نے پیشہ ور گداگروں کی گلگت بلتستان داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو پابند کیا جائے کہ وہ پیشہ ور گداگروں کو گلگت بلتستان میں نہ لائیں۔ بصورت دیگر ٹرانسپورٹ کمپنی کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ پیشہ ور گداگروں کے سہولت کاروں کو تعزیری سزاوں کے تحت جیل بھیج دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 789606
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش