0
Saturday 20 Apr 2019 12:43

عمران خان ایماندار انسان ہیں، ایسے وزیر کو نکالا جس کا میں تصور بھی نہیں کرسکتا تھا، شیخ رشید

عمران خان ایماندار انسان ہیں، ایسے وزیر کو نکالا جس کا میں تصور بھی نہیں کرسکتا تھا، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے اسد عمر کو کابینہ کا حصہ رہنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ عمران خان ایماندار انسان ہیں انہوں نے ایسے وزیر کو نکالا جس کا میں تصور بھی نہیں کرسکتا تھا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نےکہا کہ ریلوے پاکستان اور سی پیک کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ایم ایل ون کے بعد ٹرین کی رفتار کم از کم 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوجائےگی جس سے کراچی اور لاہور کے درمیان 8 گھنٹے کا سفر ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت پیسا پلوں اور سڑکوں پرلگایا گیا، اسی ریلوے میں 40 ٹرینیں چلا کر دکھاؤں گا، وزیراعظم کی موجودگی میں ایم ایل ون پر دستخط ہوں گے۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھاکہ ریلوے کے نئے منصوبوں سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روز گار ملے گا، ملک سرحدوں پر حملوں سے نہیں معیشت تباہ ہونے سے ٹوٹتے ہیں، عمران خان جب حکومت میں آئے خزانہ نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔ شیخ رشید نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر سے متعلق کہا کہ انہوں نے محنت کی، ان کی تبدیلی کا فیصلہ عمران خان کا اختیار ہے، اسد عمر نے تو خود استعفیٰ دیا، صرف ایک وزیر کو کابینہ سے نکالا گیا جس پر میڈیا نے طوفان کھڑا کردیا، اسد عمر سے بات کروں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے بہت وزرائےاعظم کے ساتھ کام کیا ہے، خدا گواہ ہے عمران خان سب سے بہتر کام کررہے ہیں، عمران خان ایماندار انسان ہیں، انہوں ایسے وزیر کو نکالا ہے جس کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت میری کمزوری نہیں ہے، کپتان نے فیصلہ کرنا ہے کس کو کہاں کھڑا کرنا ہے، جس پر نیب کیسز ہوں گے عمران خان اس کو برداشت نہیں کریں گے۔ شیخ رشید نے ملک میں پارلیمانی نظام قائم رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پارلیمانی نظام ہے،آئین بہت مشکل سے بنا ہے، اسی آئین کو آگے لے کر چلنا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب سے کھیل رہے ہیں، شریفوں کا سیاست میں کوئی مستقبل نہیں، عمران خان پانچ سال پورا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور گیس بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نوازشریف ، زرداری کی وجہ سے ہے، ملک کو چوروں اور ڈاکوؤں نے اتنا برے طریقے سے لوٹا کہ اگر میں وزیراعظم ہوتا تو کیا کرتا اس خالی خزانے کا، میں نے پہلے دن سے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے بغیر کوئی چارہ نہیں، قوم مجھ پر یقین کرے میں دھوکے باز یا چور لیڈر نہیں ہوں۔ نئے مشیر خزانہ سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ عبدالحفیظ شیخ بھی بہت محنتی اور قابل شخصیت ہیں۔
خبر کا کوڈ : 789649
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش