مالی کے وزیراعظم اپنی کابینہ سمیت مستعفی
20 Apr 2019 12:43
مالی کے وزیراعظم کے خلاف گزشتہ روز حکومتی اور اپوزیشن دونوں نے مشترکہ طور پر تحریک عدم اعتماد پیش کیا تھا جو کامیاب ہوئی تھی۔
اسلام ٹائمز۔ افریقی ملک مالی کے وزیراعظم اور ان کی پوری کابینہ لسانی فسادات کو روکنے میں ناکامی پر مستعفی ہو گئی۔ مالی کے وزیراعظم کے خلاف گزشتہ روز حکومتی اور اپوزیشن دونوں نے مشترکہ طور پر تحریک عدم اعتماد پیش کیا تھا جو کامیاب ہوئی تھی۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مالی کی حکومت پر موپٹی خطے میں تشدد نہ روک پانے کی وجہ سے شدید عوامی و سیاسی دباؤ تھا۔ مالی کے صدر ابراہیم بوبکر کیٹا کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق انھوں نے وزیر اعظم سومیلاؤ بوبیی میگا اور ان کی کابینہ کا استعفی قبول کر لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی حکومت سابق حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے جلد قائم کی جائے گی۔ موپٹی جہاں دو مقامی گروہ ڈوگن اور فولانی ایک دوسرے کے خلاف نبردآزما ہیں،میں 23 مارچ کو 160 افراد قتل کر دیے گئے تھے۔ 5 اپریل کو مالی کے دارالحکومت میں حکومت کی نا اہلی کے خلاف بڑا عوامی مظاہرہ ہوا۔
خبر کا کوڈ: 789652