0
Saturday 20 Apr 2019 14:43

بلاجواز پابندیاں، 16 لاکھ غیر ملکیوں نے سعودی عرب چھوڑ دیا

بلاجواز پابندیاں، 16 لاکھ غیر ملکیوں نے سعودی عرب چھوڑ دیا
اسلام ٹائمز۔ سعودی پالیسیوں سے تنگ آ کر غیر ملکیوں کی بڑی تعداد سعودی عرب چھوڑنے لگی۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں سعودی لیبر مارکیٹ سے اب تک 16 لاکھ غیر ملکی نکل گئے ہیں اور سب سے زیادہ وطن واپس جانیوالوں میں پاکستان دوسرے نمبر پر ہے۔ سعودی عرب غیرملکیوں پر عائد فیسوں کے علاوہ مرافقین فیس کی وجہ سے متاثر ہونیوالوں میں انڈین شہری سر فہرست ہیں۔ وطن واپس جانیوالوں کی جگہ سعودی شہریوں کو بھرتی کرنے میں تیزی آگئی ہے۔ جدویٰ انویسٹمنٹ ادارے کی طرف سے جاری ہونیوالے اعداد و شمار اور مقامی اخبارات ’’المدینہ‘‘ اور ’’مکہ‘‘ میں شائع ہونیوالی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ وطن واپس جانیوالے غیر ملکیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ تعمیرات کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔

جدویٰ انویسٹمنٹ ادارے کے مطابق وطن واپس جانیوالے غیر ملکیوں میں سے 57 فیصد کا تعلق تعمیرات کے شعبے سے ہے۔ اس شعبے میں کام کرنیوالے 9 لاکھ 10 ہزار افراد اب تک وطن واپس جا چکے ہیں۔ یہ اعدادوشمار 2017 سے لے کر اب تک کے ہیں۔ 2017 کے دوران 6 لاکھ غیر ملکی وطن واپس چلے گئے تھے جبکہ 2018 کے دوران ان کی تعداد 10 لاکھ ہوگئی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں پر عائد فیسوں کے علاوہ حکومت کی سعودائزیشن پالیسیوں نے نجی اداروں کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ غیر ملکیوں کو فارغ کریں۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں میں دوسرے نمبر پر ریٹیل اور ہول سیل کا شعبہ ہے جس سے تین لاکھ 40 ہزار غیر ملکی نکل گئے۔ اس کے بالمقابل 5 شعبے ایسے ہیں جن میں سعودائزیشن کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں غیر ملکیوں کی مردم شماری سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں میں انڈین شہری سب سے زیادہ ہیں۔ مجموعی آبادی کے مقابلے میں ان کا تناسب19 اعشاریہ 4 فیصد ہے۔ دوسرے نمبر پر پاکستانی ہیں جن کی تعداد 14.5 فیصد ہے۔ تیسرے نمبر پر بنگلہ دیشی، چوتھے پر مصری، پانچویں پر فلپائنی ہیں۔ غیر ملکیوں پر عائد فیسوں کے علاوہ مرافقین فیسوں(فیملی فیس) سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے غیر ملکی بھی یہی ہیں۔ وطن واپس جانے والوں میں سب سے زیادہ تعداد بھی ان کی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے 2017 میں نجی شعبے پر غیر ملکی کارکن رکھنے پر فیسوں میں اضافہ کر دیا تھا اسی طرح سعودی عرب میں رہنے والے غیر ملکی سربراہ خاندان پر فیملی فیس کا نفاذ کیا تھا۔ اس کے مطابق پہلے سال ہر فرد پر 100 ریال ماہانہ، دوسرے سال 200 ریال ماہانہ، تیسرے سال 300 ریال ماہانہ جبکہ چوتھے سال 400 ریال ماہانہ فیس عائد کی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 789667
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش