QR CodeQR Code

ایبٹ آباد، 6 سالہ بچی پر مبینہ تشدد، اساتذہ گرفتار

20 Apr 2019 15:07

وزیراعلٰی کے مشیر ضیاء اللہ بنگش نے تصدیق کی کہ دونوں اساتذہ سمیت اسکول کے سربراہ کو بھی معطل کردیا ہے اور ضلعی تعلیمی افسر سے وضاحت بھی طلب کرلی گئی ہے، اسکول میں بچوں پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ ایبٹ آباد کے سرکاری اسکول میں 6 سالہ بچی پر مبینہ تشدد کرنے پر 2 اساتذہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ گورنمنٹ پرائمری اسکول کریم پورہ میں بچی پر مبینہ تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں 2 اساتذہ کو یونیفارم پہنی بچی پر تشدد اور ان کے بال پکڑ کر گھسیٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں اساتذہ کی معطلی کے احکامات جاری کئے۔ علاوہ ازیں ایبٹ آباد کے ڈپٹی کمشنر نے واقعے کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ وزیراعلٰی کے مشیر ضیاء اللہ بنگش نے تصدیق کی کہ دونوں اساتذہ سمیت اسکول کے سربراہ کو بھی معطل کردیا ہے اور ضلعی تعلیمی افسر سے وضاحت بھی طلب کرلی گئی ہے۔ ضیاءاللہ بنگش کا کہنا تھا کہ ’اسکول میں بچوں پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ضلعی تعلیمی افسر ثمینہ الطاف شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سیکرٹری ارشاد خان نے معاملے کو دیکھنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد انہوں نے تجاویز، جن میں اسکول کے اسٹاف کا تبادلہ بھی شامل ہے، کو سیکرٹری کو ارسال کردیا ہے اور اس پر کارروائی ایک روز میں مکمل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے معاملات سے نمٹنے کیلئے فوکل پرسن تعینات کیا جائے گا۔

ضلعی پولیس افسر عباس مجید مروت نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کا حکم دیا جس کے بعد ضلعی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس یاسین خان جنجوعہ نے پولیس کی تحقیقاتی ٹیم قائم کردی۔ بچی کے والد کی شکایت پر کینٹ پولیس اسٹیشن میں خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ کی دفعہ 34 اور 37 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا جس کے فوری بعد اساتذہ کی گرفتاری عمل میں آئی۔ میڈیا کو موصول ایف آئی آر کی کاپی کے مطابق متاثرہ بچی پہلی جماعت کی طالبہ ہیں۔ ایف آئی آر میں بچی کے والد کا کہنا تھا کہ میری بچی 20 دن سے گھر سے خوشی سے اسکول آتی اور اسکول کے گیٹ پر پہنچ کر رونا شروع کردیتی تھی کہ میں اسکول نہیں جاؤں گی۔ انہوں نے بتایا کہ آج بھی جب میری بڑی بیٹی ان کو اسکول لے کر آئیں تو اس نے نہ جانے کی ضد شروع کردی اتنے میں پرنسپل صاحبہ اسکول کے گیٹ پر آگئی اور اس کو گیٹ کے اندر زبردستی داخل کرکے گیٹ بند کردیا اور اسکول کے اندر سے رونے اور چیخنے کی آوازیں آنا شروع ہوگئی تھیں۔


خبر کا کوڈ: 789684

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/789684/ایبٹ-ا-باد-6-سالہ-بچی-پر-مبینہ-تشدد-اساتذہ-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org