QR CodeQR Code

فاروق ستار نے اسی شاخ کو کاٹ دیا جس پر وہ بیٹھے تھے، میئر کراچی

20 Apr 2019 23:49

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وسیم اختر نے کہا کہ فاروق ستار کا پتہ نہیں کونسی دنیا میں رہتے ہیں، وہ واٹر بورڈ کے فنڈ کی بات کرتے ہیں جو ادارہ میرے ماتحت ہی نہیں، ان کی باتوں پر صرف ہنسی آسکتی ہے، فاروق ستار نے اپنے پیروں پر خود کلہاڑی چلائی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فاروق ستار نے اسی شاخ کو کاٹ دیا جس پر وہ بیٹھے تھے۔ کراچی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ایم کیو ایم کے قائد کی اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کے 23 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان، روف صدیقی، وسیم اختر، قمر منصور، ریحان ہاشمی، محمود عبد الرزاق، شاہد پاشا سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزموں کے وکلاء کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 18 مئی تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے میئر کراچی وسیم اختر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہر میں پانی کی قلت کا مسئلہ بڑھ رہا ہے مگر کسی کی توجہ نہیں ہے، حکمران تو عوام کو مارنے کا سوچے بیٹھے ہیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی پیکج کے 162 ارب روپے کے معاملے پر تذبذب کا شکار ہیں، کابینہ میں ردو بدل کے اثرات کراچی پیکج پر نہ پڑنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے 40 مقدمات میں پھنسایا گیا ہے اور سابق ایس پی ملیر راؤ انوار نے کسی کو خوش کرنے کے لئے مجھ پر جھوٹے مقدمات بنائے۔ فاروق ستار کے سوالوں پر ردعمل دیتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ فاروق ستار کا پتہ نہیں کونسی دنیا میں رہتے ہیں، وہ واٹر بورڈ کے فنڈ کی بات کرتے ہیں جو ادارہ میرے ماتحت ہی نہیں، ان کی باتوں پر صرف ہنسی آسکتی ہے، فاروق ستار نے اسی شاخ کو کاٹ دیا جس پر وہ بیٹھے تھے اور اپنے پیروں پر خود کلہاڑی چلائی ہے۔


خبر کا کوڈ: 789745

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/789745/فاروق-ستار-نے-اسی-شاخ-کو-کاٹ-دیا-جس-پر-وہ-بیٹھے-تھے-میئر-کراچی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org