QR CodeQR Code

وزیراعظم صدارتی نظام کے حامی ہیں، وزراء کے بعد عمران خان بھی جانیوالے ہیں، جاوید ہاشمی کی پیشین گوئی

21 Apr 2019 14:54

ملتان میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ ساز، منفرد اور مضبوط کابینہ میں آدھے سے زیادہ غیر منتخب ٹیکنو کریٹ آچکے ہیں، پیپلز پارٹی، مشرف، مسلم لیگ (ق) میں جو نام مسترد کر دیئے گئے، وہ آج نمایاں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیئر بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے پیشین گوئی کی ہے کہ عمران خان چار ماہ کے دوران استعفیٰ دے دیں گے، کیونکہ وہ پارلیمانی نظام کے نہیں صدارتی نظام کے حامی ہیں، ملکی تاریخ کی منفرد پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کا چہرہ نہیں بلکہ مشرف، پی پی اور (ق) لیگ کے چہرے ہیں، سابق وزیر خزانہ اسد عمر کا استعفیٰ ایک دن کی بات نہیں، حفیظ شیخ آئی ایم ایف کا ملازم ہے، جو پاکستان کا ہی رہنے والا نہیں، ایک ایک کا نام لوں تو عمران خان کا مستقبل نظر آجائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج جو خلفشار کابینہ میں ہے، وہ قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے، عمران خان چاہیں تو ایک منٹ میں اسمبلیاں تحلیل کرسکتے ہیں، کچھ نادیدہ مخلوقات کا اپنا ایجنڈہ ہوتا ہے، جو سیاستدانوں کو اقتدار دینا نہیں چاہتے، پاکستان کی ویگن پھونکوں والوں کے ہاتھ میں آئی ہے، چوہدری نثار کا سیاسی مستقبل آئندہ کوئی بھی رنگ اختیار کرسکتا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پی سی کالونی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ ساز منفرد مضبوط کابینہ میں آدھے سے زیادہ غیر منتخب ٹیکنو کریٹ آچکے ہیں، پیپلز پارٹی، مشرف، مسلم لیگ (ق) میں جو نام مسترد کر دیئے گئے، وہ آج کابینہ میں نئے چہرے ہیں، جس کی مثال اعجاز شاہ مشرف کا چہرہ ہے، اسی طرح اعظم سواتی کو رد کر دیا گیا مگر ان کو بھی کابینہ کا حصہ بنا دیا گیا، 90 فیصد کابینہ عمران خان کو پسند نہیں کرتی، بلکہ نفرت کرتی ہے، مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کا سب کچھ لندن میں ہے، بچے لندن میں ہیں، تحریک انصاف جلد ٹکڑوں میں بٹ جائے گی۔
 


خبر کا کوڈ: 789796

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/789796/وزیراعظم-صدارتی-نظام-کے-حامی-ہیں-وزراء-بعد-عمران-خان-بھی-جانیوالے-جاوید-ہاشمی-کی-پیشین-گوئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org