0
Monday 22 Apr 2019 11:24

تحریک چلانے کی ضرورت نہیں، حکومت خود اپنے بوجھ سے گر جائے گی، اپوزیشن

تحریک چلانے کی ضرورت نہیں، حکومت خود اپنے بوجھ سے گر جائے گی، اپوزیشن
اسلام ٹائمز۔ ملک کی دو اہم اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ انہیں حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی ضرورت نہیں کیونکہ حکومت اپنی نااہلی کے سبب خود ہی جلد گر جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ میں کی گئی تقریر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو یہ سمجھنا ہو گا کہ پاکستان کے عوام ان کے جھوٹے پراپیگنڈے اور اور الزامات کی بوچھاڑ پر یقین نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم ہوتے ہوئے بھی کسی ہارے ہوئے کھلاڑی کی طرح رونا شروع ہو گئے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت کبھی قدم جما ہی نہیں سکی اور وہ سازشوں کی شکایت کر رہے ہیں، وزیراعظم کو یہ سمجھنا ہو گا کہ حکومت کے زوال کی وجہ نااہلی، ناقابلیت اور بیوقوفی ہے۔ عمران خان کی جانب سے اپوزیشن رہنماؤں کو جیل میں ڈالنے کی دھمکی کے حوالے سے مسلم لیگ نواز کی ترجمان نے کہا کہ اگر پشاور میٹرو منصوبے میں ضائع 100ارب روپوں کی واپسی اور لوگوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے میں مدد ملتی ہے تو ہر سیاستدان کو جیل میں ڈال دیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جس طرح تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد قومی خزانے کو لوٹا گیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور ملک کا قرض 30ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ بتائیں کہ یہ 16ارب روپے کا قرض کسی کی جیب میں جا رہا ہے ، وزیر اعظم کو عوام کو بتانا ہو گا کہ ان کے ذاتی اثاثے چند کروڑ سے بڑھ کر 3ارب سے زائد کیسے ہو گئے۔

ادھر پیپلز پارٹی نائب صدر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم حکومت کو کھو دینے کے خوف میں مبتلا ہیں اور الزام عائد کیا کہ عمران خان اپنی گرتی ہوئی حخومت کو بچانے کی کوشش میں سابق صدر آصف علی زرداری کی کردار کشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت گرانے کے لیے کسی کو کچھ بھی کرنے کی ضرورت نہیں، یہ خود اپنے ہی بوجھ سے گر جائے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم عمران خان قومی احتساب بیورو اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کو شوکت خانم ہسپتال کی طرح چلا رہے ہیں اور عمران خان سے کہا کہ وہ منی لانڈرنگ کے الزامات لگانے کے بجائے عدالتوں کو ثبوت فراہم کریں۔ شیری رحمان نے مزید کہا کہ عمران خان کی حقیقت صرف 9ماہ میں قوم کے سامنے عیاں ہو گئی ہے اور وہ ایک مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 789938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش