QR CodeQR Code

سیاسی تقاریر کرکے نوجوان کو الجھا نہیں سکتے، بلوچستان کا مستقبل روشن ہوگا، جام کمال خان

22 Apr 2019 13:38

نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ ملک کے اقتصادی نظام کو بہتر بناتے ہوئے انفراسٹرکچر کی تعمیر، لوگوں کو روزگار کی فراہمی اور تعلیم کے حصول کیلئے ایسا پلیٹ فارم دینا چاہتے ہیں جس سے ملک کا مستقبل روشن ہو سکے، ہماری اسی سمت میں محنت جاری رہی تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان اور بلوچستان سے مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان عالیانی نے کہا ہے کہ سیاسی تقاریر کرکے نوجوان کو الجھا نہیں سکتے 50 سالوں کے مسائل کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، ماضی میں توجہ نہ ہونے سے بلوچستان کی پسماندگی میں اضافہ ہوا مشکلات ضرور ہیں صوبے کے حالات تبدیل کریں گے، وزیراعظم بلوچستان کے مسائل کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ عوام کی صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے توقعات وابستہ ہیں، جن پر پورا اترنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اصل نظام تب درست ہوگا جب حکمران ذاتی مفادات کو چھوڑ کر مستقبل میں نظام درست کرنے کیلئے حکمت عملی تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور وفاق کو درپیش مسائل کی وجہ ماضی کے حکمرانوں کی غیر سنجیدگی ہے، جنہوں نے اصل مسائل کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی انہوں نے چند ماہ کیلئے سب اچھا دکھا کر ملک کو طویل عرصہ کیلئے نقصان پہنچایا ہے۔
 
وزیراعلٰی نے کہا کہ ملک کے اقتصادی نظام کو بہتر بناتے ہوئے انفراسٹرکچر کی تعمیر، لوگوں کو روزگار کی فراہمی اور تعلیم کے حصول کیلئے ایسا پلیٹ فارم دینا چاہتے ہیں جس سے ملک کا مستقبل روشن ہو سکے، ہماری اسی سمت میں محنت جاری رہی تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان اور بلوچستان سے مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے مغربی روٹ پر کام کا آغاز، کارڈیک سینٹر، کینسر ہسپتال اور اب نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا افتتاح اس بات کی دلیل ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان سے پسماندگی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ ہے، اگر یہ اقدامات جاری رہے تو ہم ترقی ضرور کریں گے۔ بلوچستان کے نوجوان سب جانتے ہیں اور معلومات رکھتے ہیں، ہمیں چیزوں کو بہتر بنانے میں وقت ضرور لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی تقاریر کرکے نوجوان کو الجھا نہیں سکتے، بلوچستان میں کئی دہائیوں پر محیط مسائل کا حل ہمارے لئے چیلنج ضرور ہے لیکن بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل روشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نیت صاف ہے ہماری پالیسی جب عملی طور پر گراؤنڈ پر آئے گی تو نظام خود بخود ٹھیک ہوگا۔ جام کمال نے مزید کہا کہ نیا پاکستان منصوبے کا سنگ بنیاد اس جگہ پر رکھ رہے ہیں جہاں سے پاکستان کا مستقبل تعلیم حاصل کررہا ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ بلوچستان میں 20 سے 25 ہزار روپے کمانے والا شخص سوچ بھی نہیں سکتا تھاکہ وہ اپنا گھر تعمیر کر پائے گا، ایسے لوگوں کیلئے نیک نیتی سے وفاقی حکومت نے نیا پاکستان 182 ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا ہے تاکہ وہ اپنی چھت کا مالک بن سکے۔
 


خبر کا کوڈ: 789995

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/789995/سیاسی-تقاریر-کرکے-نوجوان-کو-الجھا-نہیں-سکتے-بلوچستان-کا-مستقبل-روشن-ہوگا-جام-کمال-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org