QR CodeQR Code

جنوبی وزیرستان, پولیس، لیویز کو انخلاء کے دھمکی آمیز پمفلٹ تقسیم

23 Apr 2019 13:17

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے مشیر اجمل خان وزیر نے ان دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ پمفلٹ کے ذریعے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے، وزیراعظم عمران خان شیڈول کیمطابق علاقے کا دورہ کرینگے اور فٹ بال گراؤنڈ میں ہونیوالی تقریب سے خطاب کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے جنوبی وزیرستان میں پمفلٹ تقسیم کئے ہیں، جس میں پولیس اور لیویز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ 3 روز میں قبائلی علاقہ خالی کردیں۔ پمفلٹ میں مقامی افراد کو سرکاری حکام سے قطع تعلق کیلئے بھی کہا گیا ہے۔ یہ پمفلٹ وزیراعظم عمران خان کی قبائلی علاقے میں آمد سے 2 روز قبل 2 مختلف ٹاؤنز میں تقسیم کئے گئے، جہاں وزیراعظم کا عوامی تقریب سے خطاب بھی شیڈول ہے۔ یہ پمفلٹ 2 روز قبل جنوبی وزیرستان کے ضلعی ہیڈکوارٹر وانا میں تقسیم کئے گئے، جن میں کہا گیا کہ پولیس کو لازمی طور پر وانا اور محسود قبائل کے علاقے چھوڑ دینے چاہیئیں، بصورت دیگر وہ (ٹی ٹی پی) ان کے خلاف طاقت کا استعمال کرے گی۔ اردو زبان میں تحریر شدہ پمفلٹ میں مزید کہا گیا کہ وانا میں پولیس کی جانب سے استعمال کی جانے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔

واضح رہے کہ فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کئے جانے کے بعد صوبے کی پولیس نے 7 قبائلی اضلاع میں کام کا آغاز کردیا تھا اور صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح لیویز اور خاصہ دار فورسز کے کمانڈرز کو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔ پمفلٹ میں کہا گیا کہ پولیس افسران کو کچھ روز کیلئے وانا میں رہنے کی اجازت دی گئی تھی۔ پمفلٹ میں بتایا گیا کہ ہم نے ایک پولیس اہلکار کو اسلام آباد سے اغواء کیا کیوںکہ اس نے ہمارے انتباہ کو نظر انداز کیا تھا۔ اس میں مزید بتایا گیا کہ طاہر داوڑ کو متعدد مرتبہ خبردار کیا گیا تھا لیکن انہوں نے مذکورہ انتباہ کو سنجیدہ نہیں لیا۔ یاد رہے کہ نامعلوم ملزمان نے اکتوبر 2018ء میں ایس پی طاہر داوڑ کو اسلام آباد سے اغواء کیا تھا اور بعد ازاں ان کی لاش افغانستان سے برآمد ہوئی تھی، جس پر بدترین تشدد کے نشانات موجود تھے۔ علاوہ ازیں ٹی ٹی پی کے پمفلٹس میں وزیراعظم کے دورہ وانا پر سخت تحفطات کا اظہار کیا گیا، واضح رہے کہ انہوں نے بدھ (24 اپریل) کو مقامی فٹ بال گراؤنڈ میں عوامی تقریب سے خطاب کرنا ہے۔

پمفلٹس میں قبائلی عمائدین اور دیگر مقامی افراد کو خبردار کیا گیا کہ وہ وزیراعظم کی تقریب میں شرکت نہ کریں۔ اس کے علاوہ پمفلٹ میں وانا کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ثقافتی فیسٹیول کے انعقاد کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ انتظامیہ، لیویز اور خاصہ دار علاقے میں بے حیائی کو فروغ دے رہے ہیں۔ پمفلٹ میں مقامی صحافیوں اور پولیس ورکرز کو بھی خبردار کیا گیا۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے مشیر اجمل خان وزیر نے ان دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ پمفلٹ کے ذریعے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شیڈول کے مطابق علاقے کا دورہ کریں گے اور فٹ بال گراؤنڈ میں ہونے والی تقریب سے خطاب کریں گے، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تقریب کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 790197

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/790197/جنوبی-وزیرستان-پولیس-لیویز-کو-انخلاء-کے-دھمکی-آمیز-پمفلٹ-تقسیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org