0
Tuesday 23 Apr 2019 13:45

لاہور، 11سالہ کمسن گھریلو ملازمہ حنا جان کی بازی ہار گئی، نعش گھر کے سوئمنگ پول سے برآمد

لاہور، 11سالہ کمسن گھریلو ملازمہ حنا جان کی بازی ہار گئی، نعش گھر کے سوئمنگ پول سے برآمد
اسلام ٹائمز۔ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک اور کمسن گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر اپنی زندگی کی بازی ہار گئی۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر مقتولہ حنا کے ماموں سلمان سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گیارہ سالہ گھریلو ملازمہ حنا کی نعش گھر کے سوئمنگ پول سے برآمد ہوئی ہے۔ حنا نے 15 دن قبل ہی ملازمت اختیار کی تھی۔ علاقہ پولیس کے مطابق فیصل ٹاؤن کے بلاک کے ایک گھر سے گیارہ سالہ حنا کی نعش مردہ حالت میں برآمد ہوئی ہے۔ میڈیا کے مطابق پولیس کے ساتھ فرانزک ٹیم کے اراکین نے جائے وقوعہ سے تمام ثبوت و شواہد اکھٹے کئے ہیں اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ ایس ایچ او حماد اختر کے مطابق موت کے حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آسکیں گے، البتہ اس سلسلے میں دیگر ثبوت و شواہد ہم نے اکھٹے کئے ہیں، جن سے یقیناً موت کی وجہ جاننے میں مدد ملے گی۔

جان کی بازی ہارنے والی کمسن بچی حنا کے غمزدہ لواحقین کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف 15 دن قبل ہی اپنی بیٹی کو ابراہیم کے گھر ملازمت دلوائی تھی۔ انہوں نے فراہمی انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ حنا کی والدہ ساجدہ اور نانی خالدہ بی بی کے مطابق بچی کا ماموں اس گھر میں پہلے سے کام کر رہا تھا، اسی لئے انہوں نے کمسن بچی کو ملازمت کے لئے گھر میں چھوڑا تھا۔ پولیس یہ جاننے کے لئے کہ حنا کی موت کیسے ہوئی؟ اور کیا اس کا قاتل کوئی اپنا ہے یا غیر؟ مختلف پہلوؤں سے تفتیش کررہی ہے۔
پنجاب میں گذشتہ چند سالوں کے دوران کمسن گھریلو ملازماؤں کے قتل اور ان کی ناگہانی اموات کے واقعات تسلسل کے ساتھ پیش آتے رہے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 790205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش