0
Tuesday 23 Apr 2019 13:59

پولیو سے پاک رکھنے کیلئے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 33 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

پولیو سے پاک رکھنے کیلئے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 33 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 33 اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز ہوچکا ہے، مہم کے دوران 24 لاکھ 69 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انسداد پولیو مہم ایمرجنسی سینٹر کے سربراہ راشد رزاق کے مطابق مہم میں دوران پولیو کے 10ہزار 9سو 77ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ ان ٹیموں کی سکیورٹی پر فرنٹیئر کور بلوچستان، پولیس اور لیویز کے اہلکار تعینات ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کو پولیو سے پاک رکھنے کیلئے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 33 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ انسداد پولیو مہم میں 24 لاکھ 69 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مہم کیلئے 10ہزار 977 ٹیمیں تشکیل دی گئی، جس میں 8ہزار 886 موبائل ٹیمیں، 652 فکسڈ سائٹ اور951 ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔

کمشنر نصیرآباد ڈویژن جاوید اختر محمود نے کہا کہ پولیو کے خلاف جاری جنگ میں ہمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے تاکہ اس موذی اور خطرناک مرض کو جڑ سے ختم کیا جائے، جو ہمارے بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیو کے خاتمے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، ہم سب پر لازم ہے کہ ہم مل کر پولیو کی جنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ یہ ہمارے ملک کے مستقبل کا سوال ہے۔ پولیو کے ورکرز اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑیں، حکومتی سطح پر ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد آغا شیر زمان خان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر تین روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر ڈی ایچ او جعفرآباد ڈاکٹر سرفراز احمد جمالی سمیت دیگر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود تھا۔

ڈپٹی کمشنر جعفرآباد آغا شیر زمان خان نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب پر لازم ملزوم ہے کہ ہم مل کر اس جہاد میں عملی جدوجہد کریں تاکہ اس مرض کو ختم کیا جا سکے اور بلوچستان کو پولیو سے پاک کیا جائے پولیو کے خاتمے کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ پولیو کے قطرے نہ پلانے والے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اس موقع پر ڈی ایچ او جعفرآباد ڈاکٹر سرفراز احمد جمالی نے بتایا کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ایک لاکھ سینتالیس ہزار چھ سو نوے بچوں کو قطرے پلائے جائینگے، جس کیلئے 340 ٹیمیں، 18فکسڈ سینٹرز جبکہ 35 ٹرانزٹ پوائنٹ بنائے گئے ہیں، جو گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے عوام اس قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، تاکہ ملک کے بچوں کو اپاہج ہونے سے بچایا جاسکے۔ 
 
خبر کا کوڈ : 790210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش