0
Tuesday 23 Apr 2019 14:23

گلگت بلتستان میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے لیبر انسپکٹرز تعینات کرنیکا فیصلہ

گلگت بلتستان میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے لیبر انسپکٹرز تعینات کرنیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی اور اقدامات پر عمل درآمد کا آغاز جلد کر دیا جائے گا۔ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ابتدائی طور پر 4 وفاقی قوانین کو صوبے میں لاگو کیا گیا ہے جبکہ مزید 3 قوانین صوبائی کابینہ میں زیر غور ہیں، لیبر قوانین کی منظوری اور نفاذ کے بعد گلگت بلتستان میں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، اس مقصد کے لئے تمام 10 اضلاع میں لیبر انسپکٹر تعینات کئے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر 6 لیبر انسپکٹروں کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔ منصوبے کے تحت تمام اضلاع میں لیبر انسپکٹر مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ گلگت میں مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزات انسانی وسائل کے حکام، لیبر ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے سیکرٹری اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس کو بتایا گیا کہ اگلے دس سال کے لئے ڈیسنٹ ورک کنٹری پروفائل 2019ء میں گلگت بلتستان کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ڈیسنٹ ورک کنٹری پروفائل کے 11 نکات ہیں، جس کے تحت مزدوروں کی بہتر اور اچھی طرز زندگی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت مزدوروں کیلئے مساوات پر مبنی قوانین، بیمار مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کرنے کے ساتھ تعلیم اور روزگار کے مواقع اور آمدنی بڑھانے پر بھی کام کیا جائیگا۔ مزدوروں کی اجرت کا تعین کرنے کے ساتھ یہ بھی دیکھا جائیگا کہ حقیقی اجرت مل رہی ہے کہ نہیں؟ اجرت کے قوانین موجود ہیں یا نہیں، اگر نہیں ہیں تو قوانین کا تعین کیا جائیگا۔ نئی قانون سازی کے تحت مزدوروں کو صحت افزاء ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی، اگر کسی مزدور کو کام سے نکالا جاتا ہے تو متبادل روزگار کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات ڈیسنٹ کنٹری ورک پروفائل کا حصہ ہونگے۔ اجلاس میں چیف پلاننگ کمیشن اسلام آباد سے شاہد حمید، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی کنسلٹنٹ ڈاکٹر لبنٰی شاہ ناز، ایڈووکیٹ راجہ فیاض الحسن سابقہ سنٹرل ایڈوائزر، سیکرٹری لیبر گلگت بلتستان ذوالفقار علی شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان، محکمہ پی اینڈ ڈی، محکمہ قانون، مزدور یونین کے نمائندوں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نمائندوں نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 790224
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش