QR CodeQR Code

عمران خان کے دورہ ایران کے دوران دیے جانے والے بیان کی ایوان میں گونج

23 Apr 2019 15:59

قومی اسمبلی میں حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ ہمارے منتخب وزیراعظم اس بات کا اعتراف کر رہے ماضی میں ہماری سرزمین پڑوسی ملک میں دہشت گردی کے خلاف استعمال ہوئی ہے، پیپلز پارٹی اپنے لیے نہیں بلکہ پاکستان کا مذاق بنتے دیکھ دیکھ کر پریشان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران کے دوران دیے جانے والے بیان کی گونج سنائی دی اور اپوزیشن کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی کے بعد ایوان کی کارروائی کو روکا بھی گیا۔ قومی اسمبلی اجلاس کا دوسرا روز ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت ہوا، تاہم گزشتہ روز کی طرح یہ دن بھی شور شرابے کی نظر ہوگیا، اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے گھیراؤ کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر اجلاس کے دوران تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کہیں بھی نہیں ہوتا کہ کوئی ملک کو ٹھیک کرنے کی بات کرے آپ اسی شخص کو ملک دشمن قرار دیں۔
 

وزیراعظم کے حالیہ دورہ ایران پر بات کرتے ہوئے حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ ہمارے منتخب وزیراعظم اس بات کا اعتراف کر رہے ماضی میں ہماری سرزمین پڑوسی ملک میں دہشت گردی کے خلاف استعمال ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے لیے نہیں بلکہ پاکستان کا مذاق بنتے دیکھ دیکھ کر پریشان ہے، حکومت کو ملک کی قسمت کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی غلطیوں کی وجہ سے ہم دنیا میں منہ دکھانے کے لیے قابل نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ریاستی امور چلانے کے لیے اگر ٹریننگ چاہیے تو وہ پہلے ٹریننگ لے آئیں اور پھر دوبارہ منتخب ہوں، لیکن اس ملک کو مزید شرمندہ نہ کریں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ نریندر مودی نے ریاستی دہشت گردی کو استعمال کرتے ہوئے کشمیر میں قتل عام کیا اس پر پاکستان کا وزیراعظم کہہ رہا ہے کہ ان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد مسئلہ کشمیر حل ہوگا۔ حنا ربانی کھر کی تقریر کے جواب میں وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے تقریر کرنی تھی تاہم اس دوران اپوزیشن کے شور شرابے کی وجہ سے انہیں پہلے تقریر کرنے نہیں دی گئی تاہم اس کے بعد انہوں نے شور شرابے کے دوران ہی اپنی تقریر کی۔ حنا ربانی کھر کی تقریر کے جواب میں مراد سعید نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو اپنے نواسے کی شادی پر گھر کس نے بلایا؟

مراد سعید نے کہا کہ جندال کی مری میں کس کے ساتھ ملاقات ہوئی؟ کونسا وزیراعظم کلبھوشن کا نام لینے سے شرماتا تھا؟ مراد سعید نے پیپلز پارٹی کو بھی آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ حسین حقانی جو پاکستان کے خلاف زہر اگلتا تھا اس کو پیپلزپارٹی نے امریکا میں پاکستان کا سفیر لگایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان نے بھارت کا اس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تو اس وقت بلاول بھٹو نے بھارت کا مقدمہ لڑا۔ بلاول کے خلاف تقریر کرنے پر پیپلزپارٹی اراکین نے مراد سعید کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا، اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خرم دستگیر نے وزیراعظم کی جانب سے ایران میں دیے جانے والے بیان پر مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اپنے بیان کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کریں۔


خبر کا کوڈ: 790234

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/790234/عمران-خان-کے-دورہ-ایران-دوران-دیے-جانے-والے-بیان-کی-ایوان-میں-گونج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org