QR CodeQR Code

5 رمضان المبارک سے یوم القدس کی بھرپور انداز میں مہم کا آغاز کیا جائے گا، آئی ایس او

23 Apr 2019 18:59

اجلاس سے خطاب میں صدر آئی ایس او کراچی نے کہا کہ عالمی اداروں کی خاموشی، عرب حکمرانوں کا منافقانہ رویہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا دوہرا معیار اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ امت مسلمہ اتحاد و وحدت اور اسلامی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین کے مسئلے کے حل کے لئے میدان عمل میں آجائے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس کی زیرصدارت جمعۃ الوداع کو یوم القدس منانے کے حوالے سے اہم اجلاس المصطفیٰ ہاوس میں طلب کیا گیا جس میں کابینہ ممبران سمیت دیگر سینئر ممبران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی ایس او کراچی محمد عباس کا کہنا تھا کہ ارض فلسطین انبیاء کی سرزمین بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اوّل اس وقت غاصب صہیونی ریاست کے قبضے میں ہے، مسئلہ فلسطین امت مسلمہ کے ان اساسی اور بنیادی مسائل میں سے ایک ہے جس نے گزشتہ کئی عشروں سے امت مسلمہ کو بے چین کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کے سربراہ یوں تو اپنے ہر مسئلے کو عربوں کا مسئلہ قرار دیکر اس کے لئے شب و روز کوششیں کرتے ہیں لیکن فلسطین کے مسئلے پر ان کا رویہ ہمیشہ دفاعی یا انتہائی کمزور رہا ہے، عالمی اداروں کی خاموشی، عرب حکمرانوں کا منافقانہ رویہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا دوہرا معیار اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ امت مسلمہ اتحاد و وحدت اور اسلامی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین کے مسئلے کے حل کے لئے میدان عمل میں آجائے۔

محمد عباس کا کہنا تھا کہ یوم القدس اس بات کا بہترین موقع ہے کہ ہم امت واحدہ کی صورت میں اپنے تمام تر فروعی اختلافات اور مسائل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے قبلہ اوّل کی آزادی کے لئے سراپا احتجاج بن جائیں۔ اجلاس میں صدر کراچی ڈویژن نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ 5 رمضان المبارک سے یوم القدس کی بھرپور انداز میں مہم کا آغاز کیا جائے گا اور پورے شہر میں یوم القدس کی تشہیر کی جائے گی، یوم القدس کے معملات کو دیکھنے کے لئے 15 سے زائد کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 790253

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/790253/5-رمضان-المبارک-سے-یوم-القدس-کی-بھرپور-انداز-میں-مہم-کا-ا-غاز-کیا-جائے-گا-آئی-ایس-او

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org