QR CodeQR Code

ایرانی قیادت ہمارے بارے میں کیا سوچ رہی ہوگی، مریم نواز

وزیراعظم کے ایران میں دیئے گئے بیان پر اپوزیشن اور حکومت میں لفظی جنگ عروج پر

23 Apr 2019 21:01

شیریں مزاری نے قومی اسمبلی میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جرمنی اور فرانس کہنا چاہ رہے تھے، اُن کی زبان پھسل گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا آدھا جملہ دہرایا جارہا ہے، مخالفین کو مشورہ ہے کہ وہ پورا جملہ سنیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کے ایران میں دیئے گئے بیان پر حکومت اور اپوزیشن میں لفظی جنگ چھڑگئی۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں کہا کہ جرمنی اور جاپان نے لاکھوں شہریوں کو ہلاک کیا، پھر دوسری جنگ عظیم کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا اور جاپان اور جرمنی کی سرحد پر مل کر صنعتیں لگائیں اور اس کے بعد ان کے درمیان خراب تعلقات کا کوئی سوال نہیں۔ وزیراعظم کے بیان پر اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے بعد سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر بھی بول پڑیں۔ جواب میں وفاقی وزیر شیریں مزاری، فردوس عاشق اعوان اور وزیراعظم کے مشیر افتخار درانی بھی میدان میں اتر آئے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ حکومت کی نہ ختم ہونے والی غلطیاں جاری ہیں، ملک کا مذاق بنتا دیکھ کر ہم پریشان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ زبان کی پھسلن نہیں تھی، وزیراعظم نے تاریخ اور جغرافیے کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، انہوں نے تفصیل سے بیان کیا کہ جرمنی اور جاپان پڑوسی ہیں۔ سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تاریخ اور جغرافیہ ہمیں بتاتا ہے کہ جاپان مشرقی ایشیا اور جرمنی یورپ میں ہے، دونوں ملک دوسری جنگ عظیم میں ایک ہی گروپ میں تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان جاپان اور جرمنی کو مخالف کہہ رہے تھے، ان کے بیان نے ملک کا تماشا بنادیا ہے۔ شیریں مزاری نے قومی اسمبلی میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جرمنی اور فرانس کہنا چاہ رہے تھے، اُن کی زبان پھسل گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا آدھا جملہ دہرایا جارہا ہے، مخالفین کو مشورہ ہے کہ وہ پورا جملہ سنیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی عمران خان پر طنز کے تیر برسائے اور کہا کہ ہمارے وزیراعظم سوچتے ہیں جرمنی اور جاپان سرحد شیئر کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کتنی شرمندگی کی بات ہے، جب آکسفورڈ یونیورسٹی میں کرکٹ کھیلنے کی بنیاد پر لوگ آئیں گے تو ایسا ہی ہوگا۔ بلاول بھٹو کو جواب دیتے ہوئے افتخار درانی نے بلاول بھٹو زرداری کو حادثاتی چیئرمین صاحب کہہ کر مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہاں کہا کہ جرمنی اور جاپان ہمسائے ہیں؟

وزیراعظم نے کہاکہ دونوں ملکوں کے سرحدی علاقوں میں صنعتی زون بنائے گئے۔ بلاول بھٹو کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تازہ وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے لکھا کہ کرپشن کے پیسے پر یونیورسٹی میں داخلہ لیا ہو تو ایسے ہوتا ہے، بلاول کو ابو، پھوپھو اور انکلز کی لوٹ مار نظر نہیں آتی۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران میں دہشت گردی سے متعلق بیان پر مریم نواز بھی بول پڑیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم نے دوسرے ملک میں بیٹھ کر پاکستان کو برا بھلا کہہ کر بدنام کیا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ غیر ملکی رہنماؤں کے ساتھ بیٹھ کر وزیراعظم کی پاکستان کو برا بھلا کہنے، رسوا اور بدنام کرنے کی قومی اور سفارتی تاریخ میں کوئی مثال موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذراسوچئے! ایرانی قیادت ہمارے بارے میں کیا سوچ رہی ہوگی؟


خبر کا کوڈ: 790272

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/790272/وزیراعظم-کے-ایران-میں-دیئے-گئے-بیان-پر-اپوزیشن-اور-حکومت-لفظی-جنگ-عروج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org