QR CodeQR Code

ملتان، ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام سری لنکا میں دہشتگردی کی بھینٹ چڑھنے والے افراد کی یاد میں شمعیں روشن

23 Apr 2019 21:45

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ ایسٹر کے تہوار کے موقع پر سری لنکا میں عالمی دہشتگرد گروہ داعش کی جانب سے کھیلی جانے والی خون کی ہولی اس بات کا ثبوت ہے کہ داعش نہ صرف پاکستان کیلئے بلکہ عالمی خطرہ بن چکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے زیراہتمام سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر چرچ اور ہوٹل میں ہونے والی دہشتگردی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 300 سے زائد افراد کی یاد میں ملتان پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، ضلعی سیکرٹری جنرل ملتان مرزا وجاہت علی، ڈویژنل صدر آئی ایس او ملتان عاطف حسین، اعظم حسین جعفری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سلیم عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ ظلم دُنیا کے کسی بھی حصے میں ہو، ہم اُس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ایسٹر کے تہوار کے موقع پر سری لنکا میں عالمی دہشتگرد گروہ داعش کی جانب سے کھیلی جانے والی خون کی ہولی اس بات کا ثبوت ہے کہ داعش نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی خطرہ بن چکی ہے، اُنہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے داعش کو بنانے میں چند مسلمان ممالک کا ہی ہاتھ ہے، اس نام نہاد اسلامی ٹولے نے پہلے عراق اور شام میں خون کی ہولی کھیلی، پوری دنیا تماشا دیکھتی رہی، آج یہ آگ ایشیا اور یورپ میں پہنچ چکی ہے، اُنہوں نے کہا کہ سری لنکا میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور زخمیوں کی صحتیابی کی دُعا کرتے ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 790277

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/790277/ملتان-ایم-ڈبلیو-کے-زیراہتمام-سری-لنکا-میں-دہشتگردی-کی-بھینٹ-چڑھنے-والے-افراد-یاد-شمعیں-روشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org