0
Wednesday 24 Apr 2019 10:45

میڈیا مقبوضہ جموں و کشمیر کی حقیقی تصویر دنیا کو دکھائے، مسعود خان

میڈیا مقبوضہ جموں و کشمیر کی حقیقی تصویر دنیا کو دکھائے، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے قومی ذرائع ابلاغ اور میڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حقیقی تصویر دنیا کو دکھانے اور قومی سلامتی کے حوالے سے ملک کے بیانیے کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ اسلام آباد میں پاکستان ہاؤس کے زیراہتمام ’’سفارتی دباؤ کم کرنے میں ذرائع ابلاغ کا کردار‘‘ کے عنوان سے قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامان ہے جن کا مقابلہ کرنے کے لئے میڈیا عوام کو ذہنی طور پر تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے بیرونی دشمنوں کے منفی اور زہر آلود پروپیگنڈے کا توڑ کرے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان اور بھارت کے میڈیا کے کردار کا موازنہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کے میڈیا نے امن اور جنگ کے خلاف بات کر کے نہایت مثبت کردار ادا کیا جبکہ بھارتی میڈیا نے دہلی کے حکمرانوں کی انتہا پسندانہ سوچ کو آگے بڑھایا اور پورے بھارت میں پاکستان اور کشمیر دشمنی کے جذبات کو بھڑکایا اور ملک کے طول و عرض میں جنگی ماحول پیدا کر کے غیر ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کے ذرائع ابلاغ میں تعصب، جانبداری اور حقائق کو مسخ کر کے پیش کرنے کے رجحان کے باوجود مثبت پہلو یہ ہے کہ بھارتی صحافی دنیا کے مختلف ابلاغی اداروں میں بیٹھے ہیں جہاں سے وہ اپنے ملک کے قومی بیانیے کو پوری طاقت سے دنیا کے سامنے پیش کر کے اپنی قومی مفادات کو آگے پھیلاتے ہیں جبکہ دنیا کے مختلف ابلاغی اداروں میں پاکستانی اور کشمیریوں کی بہت کم تعداد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سرکاری شعبے میں ریڈیو، ٹی وی اور نیوز ایجنسیز کو دنیا تک پاکستان کا قومی موقف پہنچانے کے لئے اپنی فنی استعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ دائرہ کار کو بڑھانا چاہیے اور دنیا میں زیادہ بولی اور سمجھی جانے والی زبانوں میں اپنے حالات حاضرہ کے پروگرام اور خبری مواد کو پیش کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کا موقف حق و انصاف اور سچائی پر مبنی ہے جبکہ بھارت کا موقف جھوٹ، مکاری اور دھوکے پر مبنی ہے لیکن بھارت اپنے طاقت اور میڈیا کے بل بوتے پر دنیا کے سامنے مسخ شدہ حقائق پیش کر کے دھوکہ دینے کی کوشش کرتا ہے جس کا موثر توڑ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، چین اور مسلم ممالک میں ترکی اور قطر نے ذرائع ابلاغ کو ملک کی جغرافیائی حدود سے عالمی رسائی دینے میں بہت کام کیا یہی وجہ ہے کہ ترکی کا ٹی آر ٹی، چین کا سی سی ٹی وی اور قطر کے الجزیرہ ٹی وی نے دنیا کے ایک بڑے حصے میں عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور اپنے اپنے ممالک کے قومی موقف کو دنیا کے سامنے موثر انداز میں پیش کرنے میں بڑی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے پاکستان ہاؤس کو اس اہم موضوع پر سیمینار منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مسائل پر سیمینار تسلسل کے ساتھ ہونے چاہیے۔ سیمینار سے وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل، سابق وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل نعیم خالد لودھی، پاکستان کے ہاؤس کے ڈائریکٹر جنرل رانا اطہر جاوید، کوپن ہیگن سکول آف بزنس کے پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین، وقاص مجید اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 790354
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش