QR CodeQR Code

وزیراعظم کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، ترجمان وزیراعظم ہاؤس

24 Apr 2019 15:26

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایران کے حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے جبکہ دہشتگردی کا مسئلہ دونوں ممالک کیلئے چیلنج ہے اور پاکستان دہشتگردی میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جبکہ خطے میں انصاف کے ذریعے ہی امن لایا جا سکتا ہے۔ عمران خان نے دہشتگردی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا ایران آنے کا مقصد دہشتگردی کا مسئلہ ہے۔ دہشتگردی کی وجہ سے پاکستان اور ایران میں دوریاں پیدا ہوئیں، جنہیں اب ختم کرنے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم ہاؤس نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران پر دیئے گئے بیان کی وضاحت جاری کردی۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے پاکستانی سرزمین کے استعمال سے متعلق بیان پر بحث کی جارہی ہے۔ وزیراعظم کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نان اسٹیٹ ایکٹرز سے متعلق بات کی تھی۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ نان اسٹیٹ ایکٹرز بیرونی قوتوں کے اشاروں پر پاکستان میں کارروائی کررہے ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر شیئر کرنے والے اور اس پر بحث و مباحثہ کرنے والے کسی طرح ملک و قوم کی خدمت نہیں کررہے۔ یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں خطے میں دہشتگردی کے انسداد کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی نے22اپریل کو  تہران میں مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ دونوں ممالک کو دہشتگردی کے چیلنج کا سامنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایران کے حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے جبکہ دہشت گردی کا مسئلہ دونوں ممالک کے لئے چیلنج ہے اور پاکستان دہشتگردی میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جبکہ خطے میں انصاف کے ذریعے ہی امن لایا جا سکتا ہے۔ عمران خان نے دہشتگردی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا ایران آنے کا مقصد دہشتگردی کا مسئلہ ہے۔ دہشتگردی کی وجہ سے پاکستان اور ایران میں دوریاں پیدا ہوئیں، جنہیں اب ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ چند روز قبل بلوچستان میں ہمارے 14 اہلکار شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانیں قربان کی ہیں۔ ہم خطے سے دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، جبکہ افغانستان بھی دہشتگردی سے متاثر ملک ہے۔ بھرپور فوجی طاقت کے باوجود افغانستان میں امن قائم نہیں ہو سکا، جبکہ ہم بھی افغانستان میں سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔ ایرانی صدر نے کہا تھا کہ وزیراعظم پاکستان سے دو طرفہ تعلقات پر تعمیری بات چیت ہوئی ہے اور پاک ایران تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ عمران خان نے دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے جلد پاکستان کا دورہ کروں گا۔ حسن روحانی نے پاک ایران تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی تیسرا ملک پاک ایران تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا ہے جبکہ عمران خان کے ساتھ سرحدی معاملات پر بھی بات چیت ہوئی ہے اور سرحدوں پر سکیورٹی کے لئے مشترکہ فورس بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 790434

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/790434/وزیراعظم-کے-بیان-کو-سیاق-سباق-سے-ہٹ-کر-پیش-کیا-گیا-ترجمان-ہاؤس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org