QR CodeQR Code

دشمنی پر مبنی امریکی اقدامات کا جواب ضرور دیں گے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای

25 Apr 2019 13:35

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے دشمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جان لو! تمہاری دشمنی کا تمہیں جواب ضرور ملے گا کیونکہ ایرانی قوم ایسی قوم نہیں جس کے خلاف سازشیں کی جائیں اور وہ خاموشی سے بیٹھی تماشا تکتی رہے۔


اسلام ٹائمز - ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے تہران میں "ہفتۂ مزدور" کی مناسبت سے ہزاروں ایرانی لیبرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے لئے اقتصادی میدان میں دباؤ بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے لیکن اُسے یہ جان لینا چاہئے کہ یہ قوم کبھی گھٹنے ٹیکنے والی نہیں جبکہ ایرانی قوم اپنے اوپر عائد پابندیوں کے مقابلے میں اپنی اندرونی صلاحیتیں اور ملکی پیشرفت بڑھانے کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی اور امریکہ کی اس دشمنی کا جواب بھی ضرور دے گی۔ انہوں نے معاشرے میں کاریگروں کے کام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کام اعلی اقدار میں سے ایک ہے جبکہ یہ بات معاشرے کے ہر ایک فرد کی سوچ کا حصہ بن جانی چاہئے تاکہ معاشرے میں کاریگر کے اہم مقام کی پہچان ممکن ہو سکے۔

رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کسی بھی ملک کی صنعتی ترقی کو دشمن کی سازشوں کے سامنے ڈٹ جانے والی مزاحمتی معیشت (اقتصاد مقاومتی) کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر مزاحمتی معیشت حاصل ہو جائے تو امریکی و صیہونی حکمرانوں کے تیل اور دوسرے اقتصادی مسائل سے متعلق مخاصمانہ فیصلے بے اثر ہو جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ قومی عزت و عظمت ہر ملک کی پہلی ترجیح ہوتی ہے کہا کہ کوئی قوم اس بات پر راضی نہیں ہو گی کہ وہ اپنے دشمن کے فیصلوں کے زیراثر رہے۔ انہوں نے امریکی و صیہونی حکمرانوں کے بےبنیاد دعووں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ ہم تو صرف "اسلامی جمہوری نظام حکومت" کے دشمن ہیں اور ایرانی قوم سے دشمنی نہیں رکھتے جبکہ "اسلامی جمہوری نظامِ حکومت" سے دشمنی بذات خود ایرانی قوم سے دشمنی ہے کیونکہ "اسلامی جمہوری نظام" خود ایرانی قوم نے ہی برپا کیا ہے اور اگر اس کے حق میں عوام کی زحمتیں اور کوششیں نہ ہوتیں تو یہ نظام کبھی رائج نہ ہو پاتا۔

ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے ایران کی داخلی پیشرفت پر مثبت اثرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پابندیوں کی وجہ سے بعض میدانوں میں مشکلات سامنے آئی ہیں لیکن اگر انہی پابندیوں کا صحیح اور منطقی انداز میں مقابلہ کیا جائے تو یہ ملک کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گی کیونکہ یہ پابندیاں ملک کی اندرونی صنعتی طاقت، صلاحیت اور نئی ایجادات کی طرف توجہ مبذول کرواتی ہیں۔ انہوں نے چالیس سالوں کے دوران دشمن کی مختلف قسم کی ناکام سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ہمارے معاشی مسائل پر اپنی تمامتر توجہ مبذول کر کے ایران قوم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں یہ جان لینا چاہئے کہ ان کی یہ سازش بھی ناکام رہے گی اور عظیم ایرانی قوم شیطان بزرگ کے سامنے کبھی گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔

امام خامنہ ای نے ایرانی تیل کی برآمدات کو روکنے کی امریکی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی متحرک اور ہوشیار قوم نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ اگر وہ کمر ہمت باندھ لے تو تمام بند گلیوں کو توڑ ڈالے گی اور امریکی کوششیں بھی ہرگز کسی نتیجے پر نہیں پہنچیں گی جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران جتنا ضروری سمجھے گا تیل برآمد کرے گا۔ انہوں نے دشمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جان لو! تمہاری دشمنی کا تمہیں جواب ضرور ملے کیونکہ ایرانی قوم ایسی قوم نہیں کہ جس کے خلاف سازشیں کی جائیں اور وہ خاموشی سے بیٹھی تماشا تکتی رہے۔ آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے قرآن کریم کی آیۂ مجیدہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انسان کا اصلی سرمایہ اس کی کوشش کا ماحصل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص یا معاشرہ اپنی ہمت و کوشش کا مرہون منت ہے جبکہ وہ معاشرے جنہوں نے مادی لحاظ سے دنیا میں ترقی کی ہے اسی وجہ سے کی ہے کیونکہ خداوندعالم نے وعدہ دیا ہے کہ جو شخص چاہے دنیا کے لئے ہی کام کرے، خدا اس کی مدد ضرور کرے گا۔


رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب کے آخری حصے میں ایرانی قوم کے خلاف دشمنوں کے ناکام ہوتے منصوبوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ پہلے عرض کر چکا ہوں دشمنوں کی یہ کوششیں ان کی دشمنی کی آخری سانسوں پر مشتمل ہیں اور آخرکار وہ ایرانی قوم کے ساتھ اپنی بےبنیاد دشمنی سے تھک جائیں گے لیکن یہ قوم استحکام اور پیشرفت کے حصول میں مسلسل کام و کوشش سے کبھی تھکنے والی نہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 790645

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/790645/دشمنی-پر-مبنی-امریکی-اقدامات-کا-جواب-ضرور-دیں-گے-آیت-اللہ-سید-علی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org