QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمن کے صرف اسلام آباد کی طرف مارچ کے اشارے سے عمران خان حواس باختہ ہوگئے، راشد سومرو

25 Apr 2019 23:13

قاری محمد عثمان کی رہائش گاہ پر مقامی عہدیداروں اور احباب سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی رہنما نے کہا کہ اگر عمران نیازی کو لگام نہ دی گئی تو اس کے نتائج بہرحال منفی ہوں گے، عمران نیازی پاکستان کے ماتھے پر بدنما داغ ہے، پاکستان اور عمران نیازی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔


اسلام ٹائمز۔ مولانا فضل الرحمن کے صرف اسلام آباد کی طرف مارچ کے اشارے سے عمران خان حواس باختہ ہوگئے ہیں، لاکھوں فرزندان اسلام اور غلامان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی عمران نیازی دماغی توازن کھو بیٹھیں گے، مولانا فضل الرحمن کے خلاف بازاری زبان استعمال کرکے عمران نیازی یہ ثابت کررہے ہیں کہ وہ پاکستان کے اعلیٰ ترین منصب کے قطعی طور پر اہل نہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علما اسلام کے صوبائی سیکریٹری جنرل اور مرکزی ناظم انتخاب مولانا راشد محمود سومرو نے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کی رہائش گاہ پر انکے چچا اور سسر مولانا محمد حسین کے انتقال پر اظہار تعزیت  اور دعائے مغفرت کے بعد جمعیت علما اسلام کے کے مقامی عہدیداروں اور احباب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راشد محمود سومرو نے کہا کہ کسی بھی چھوٹے ذہن کے مالک شخص کو ملک کے اعلیٰ ترین منصب پر فائز کرانے سے پہلے اسکی اہلیت اور قابلیت کو پرکھنا ضروری ہوتا ہے، پاکستان میں بدقسمتی سے اقتدار کی حوالگی کے وقت وقتی طور پر انتقامی ماحول میں بسا اوقات ایسے فیصلے بھی ہوجاتے ہیں جنہیں بہرحال ملک اور قوم کو بھگتنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا اسلامی ملک ہے جو صرف اسلام کے مقدس نام پر حاصل کیا گیا تھا، یہاں انتقال اقتدار میں جب ملک کے اسلامی قومی اور ملی تشخص کا لحاظ نہ رکھا جائے تو پھر عمران نیازی جیسے کالے کردار لوگ مسند اقتدار پر قبضہ حاصل کرنے کے بعد وہی کچھ کریں گے جس کی وہ پیداوار ہیں۔

جے یو آئی کے رہنما نے خبردار کیا کہ اگر عمران نیازی کو لگام نہ دی گئی تو اس کے نتائج بہرحال منفی ہوں گے، عمران نیازی پاکستان کے ماتھے پر بدنما داغ ہے، پاکستان اور عمران نیازی ایک ساتھ نہیں چل سکتے، قیام پاکستان کے وقت لاکھوں فرزندان اسلام نے عمران نیازی کے کالے کردار کو ملک پر مسلط کرنے کیلئے قربانیاں نہیں دیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نامناسب اور گھٹیا زبان استعمال کرکے عمران نیازی پاکستان کے اعلیٰ ترین منصب کی توہین اور اپنی حیثیت واضح کررہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ محب وطن قومی جماعتیں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مل کر ملک کو تباہی سے بچائیں۔


خبر کا کوڈ: 790729

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/790729/مولانا-فضل-الرحمن-کے-صرف-اسلام-آباد-کی-طرف-مارچ-اشارے-سے-عمران-خان-حواس-باختہ-ہوگئے-راشد-سومرو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org