0
Friday 26 Apr 2019 11:58

امت مسلمہ کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے، صادق سنجرانی

امت مسلمہ کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے، صادق سنجرانی
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات میں موجودہ بہتری کا سہرا شہزادہ محمد بن سلمان کو جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل اور ان کے وفد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کے نتیجے میں بین الاقوامی برادری کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دوران خطاب اعتراف کیا کہ امت مسلمہ کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی سے حالات بہتری کی جانب گامزن ہوں گے۔ اس موقع پر سعودی شوریٰ کونسل کو سی پیک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی وفد نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار گوادر میں کثیر الجہتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں۔

اعلیٰ سطحی وفد نے اس بات کا برملا اظہار کیا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو گوادرکے مستقبل کے تجارتی و اقتصادی مرکز کی حیثیت اختیار کرنے کا ادراک ہے۔ چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے لیے انتہائی اہم ملک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔  چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کا آپس میں ایک دوسرے سے باہمی محبت کا رشتہ ہے۔ چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے اس امرکا بھی اظہار کیا کہ جو مسلمان نہیں ہیں ان کے بھی سعودی عرب کے حوالے سے جذبات انتہائی قابل قدر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو استحکام دینے میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات فقید المثال ہیں۔ چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے تجویز پیش کی کہ پاکستان سینیٹ اور سعودی شوریٰ کونسل کے مابین ادارہ جاتی تعاون پر مثبت پیش رفت ہونی چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے اپنے اور وفد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے کہا کہ اسلامی دنیا میں پاکستان ایک الگ شناخت کا ملک ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 790762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش