QR CodeQR Code

نشویٰ ہلاکت کیس، ایم کیو ایم نے دارالصحت اسپتال کو سیل کرنے کی مخالفت کردی

26 Apr 2019 23:42

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ ہم نشویٰ کے والد کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن کیا تھر میں بچے نہیں مر رہے؟ نشویٰ کا معاملہ پہلا نہیں، جان بوجھ کر کسی نے اس کی جان نہیں لی، ہمیں پیپلز پارٹی پر نہیں ان کے طرز حکمرانی پر اعتراض ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار نے کم سن نشویٰ ہلاکت کیس میں دارالصحت اسپتال کو بند کرنے کی مخالفت کردی۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں خواجہ اظہار الحسن، محمد حسین سمیت 4 اراکین نے ڈومیسائل کے اجراء سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ غیر متعلقہ افراد کو ڈومیسائل جاری کرکے ملازمتیں دی جارہی ہیں، ڈومیسائل کے اجراء کیلئے کاغذات کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے۔ بعدازاں خواجہ اظہار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے طرز حکمرانی کے خلاف قانونی جنگ کا آغاز کردیا ہے، اس نے کوٹہ سسٹم کی آڑ لے کر شہری سندھ کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے، عدالت کو تمام ثبوت فراہم کردیئے جس پر شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ایم کیو ایم نے ہمیشہ میرٹ پر نوکریاں دی تھیں۔

 
خواجہ اظہار نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر نہیں ان کے طرز حکمرانی پر اعتراض ہے، بلاول نے کہا تھا کہ میں وزراء پر ڈنڈا اٹھاؤں گا، لیکن انہوں نے ڈنڈا وزراء کے بجائے وفاق کے خلاف اٹھا لیا۔ نجی اسپتال کی غفلت اور غلط انجکشن سے جاں بحق بچی نشویٰ سے متعلق خواجہ اظہار نے کہا کہ ہم نشوہ کے والد کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن دارالصحت اسپتال کو سیل کرنے کے خلاف ہیں، کیا تھر میں بچے نہیں مر رہے؟ نشویٰ کا معاملہ پہلا نہیں، جان بوجھ کر کسی نے اس کی جان نہیں لی۔


خبر کا کوڈ: 790846

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/790846/نشوی-ہلاکت-کیس-ایم-کیو-نے-دارالصحت-اسپتال-کو-سیل-کرنے-کی-مخالفت-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org