1
Saturday 27 Apr 2019 17:17

پشاور میں ایک بار پھر خونخوار چوہوں کی یلغار

پشاور میں ایک بار پھر خونخوار چوہوں کی یلغار
اسلام ٹائمز۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں خونخوار چوہوں نے ایک بار پھر یلغار کردی۔ 58 سالہ بیمار خاتون کے پاؤں کی انگلیاں کاٹ کھائیں۔ ضلعی حکومت اور متعلقہ ادارے چوہوں کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں، عوام میں خوف وہراس پیدا ہوگیا۔ بیرون آسیہ گیٹ، سرکلر روڈ، بھانہ ماڑی، نوتھیہ جدید و قدیم اور دیگر متصل علاقوں میں بھی ہزاروں کی تعداد میں خونخوار چوہے موجود ہیں۔ گذشتہ روز جمعتہ المبارک علی الصبح شوگر کے مرض میں مبتلا سرکی گیٹ کی رہائشی خاتون محو خواب تھیں کہ اس دوران خونخوار موٹے بلی نماں چوہوں نے پاؤں کی تین انگلیاں کاٹ کھائیں جبکہ بیمار خاتون جن کے پاؤں شوگر کے بیماری کے باعث سن ہوچکے تھے انہیں اس کا علم بھی نہ ہوسکا تاہم انکے پہلو میں لیٹی انکی بیٹی کی طرف جب چوہا بڑھا اور اسے بھی کاٹا تو وہ چیخ کر اٹھی اسی دوران انکی نظر قریبی لیٹی ہوئی اپنی والدہ کے پاؤں پر پڑی تو اس سے بری طرح خون بہہ رہاتھا جس کے بعد انہوں نے گھر کے دیگر لوگوں کو جگایا اور متاثرہ خاتون کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور پہنچایا، جہاں پر انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس واقعہ کے باعث پورے علاقے میں خوف و ہراس و تشویش کی لہر دوڑ گئی اور علاقے کے لوگوں نے صوبائی حکومت، ضلعی حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ خونخوار چوہوں کے خاتمے کیلئے رسمی بیانات کی بجائے عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ پشاور کے لوگوں کی زندگی محفوظ رہے اور چوہوں کے باعث پھیلنے والی بیماریوں سے بھی وہ بچ سکیں۔
خبر کا کوڈ : 790964
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش