0
Saturday 27 Apr 2019 20:53

وزیراعلٰی گلگت بلتستان نے خاتون صوبائی وزیر کو کابینہ سے فارغ کر دیا

وزیراعلٰی گلگت بلتستان نے خاتون صوبائی وزیر کو کابینہ سے فارغ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے صوبائی وزیر امور نوجوانان، سماجی بہبود اور ترقی نسواں ثوبیہ جبین مقدم کو کابینہ سے فارغ کر دیا۔ وزیراعلٰی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق صوبائی وزیر کو  کابینہ اجلاسوں میں مسلسل غیر حاضری اور بغیر منظوری کے ملک اور بیرون ملک دوروں اور سرکاری امور کی انجام دہی میں عدم توجہی پر کابینہ سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر موصوفہ کی کابینہ کے کئی اجلاسوں میں مسلسل غیرحاضری، اہم سرکاری امور میں عدم توجہی اور بغیر اجازت کے ملک اور بیرون ملک دوروں اور وزارت کے اہم منصوبوں پر سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلٰی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے صوبائی وزیر امور نوجوانان، سماجی بہبود و ترقی اور حقوق نسواں ثوبیہ مقدم کو کابینہ سے فارغ کر دیا ہے۔

وزیر موصوفہ گذشتہ 6 ماہ سے بغیر کسی منظوری کے سٹیشن سے غیر حاضر رہیں اور حالیہ دنوں میں بغیر اجازت کے بیرون ملک چلی گئیں۔ بیان کے مطابق گذشتہ کافی عرصے سے کابینہ اور اسمبلی اجلاسوں میں بھی شریک نہیں رہیں۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر نے گذشتہ سال اپنے حلقے میں ایک تقریب کے دوران وزیراعلٰی اور صوبائی حکومت پر شدید تنقید کی تھی، جس کے بعد وزیراعلٰی نے شوکاز نوٹس بھی دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ دیامر سے تعلق رکھنے والے تین وزراء کے ساتھ وزیراعلٰی کے سنگین اختلافات پائے جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 791017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش