QR CodeQR Code

پی ٹی آئی قیادت اور حکومت میں ملک چلانے کی صلاحیت ہی نہیں ہے، ناصر حسین شاہ

27 Apr 2019 23:29

بدین میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی سے پہلے مسلم لیگ نواز بھی پیپلز پارٹی کے خلاف یہ ہی باتیں اور پروپیگنڈا کرتی تھی جو آج پی ٹی آئی کر رہی ہے، نہ وہ کچھ ثابت کر سکے نہ یہ کچھ ثابت کر سکیں گے، ان کو بھی ناکامی ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر آبپاشی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پانی چور کتنا بھی بااثر ہو ان کے خلاف کاروائی ہوگی، ٹیل تک پانی پہچانے کی حکومت پابند ہے۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے صوبائی وزیر آبپاشی کی ذمہ داری ملنے کے بعد اپنے پہلے دورہ کے موقع پر بدین میں ایم پی اے حاجی تاج محمد ملاح کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضع اور سخت ہدایات ہیں کہ نہری پانی کی غلط تقسیم اور چوری کو سختی سے روک کر ملوث افراد کے خلاف کاروائی کرکے پانی تمام نہروں کی ٹیل تک پہنچایا جائے، اس کے لئے پولیس کے علاوہ ہم کو رینجرز کی مدد بھی لینی پڑی تو لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدین ضلع میں پانی کی قلت حقیقت ہے اور پانی کی قلت کے خلاف احتجاج بھی غلط نہیں، جب پانی نہیں ملے گا تو احتجاج عوام کا حق ہے، ٹیل تک پانی پہنچانا حکومت ایریگیشن اور سیڈا کی ذمہ داری ہے اور میری ترجیح بھی یہ ہی ہے اور میں ہر نہر کی ٹیل تک خود نگرانی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ بدین میں پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کے بعد حکومت نے ماہر آبپاشی ادریس راجپوت کی سربراہی میں ضلع بچاؤ کمیٹی اور محکمہ انہار کے افسران پر مشتمل جو کمیٹی تشکیل دی ہے اس کمیٹی کی رپورٹ پر حکومت مکمل عمل کرے گی، اگر کمیٹی نے تعمیر ہونے والے پختہ دکوں کے خلاف رپورٹ دی تو ان کو ختم کرنے میں بھی تاخیر نہیں کریں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سال پیش ہونے والے بجٹ میں بھی بدین ضلع میں نہری نظام کی بہتری کیلئے بجٹ مختص کیا جا رہا ہے۔

سید ناصر شاہ نے اس موقع پر پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کو لانے والے لے تو آئے ہیں لیکن انہوں نے ملک کا حشر کردیا ہے اور معشیت کا بیڑا غرق کیا ہے، مہنگائی کی انتہاء نے عوام سے جینے کا حق ہی چھین لیا ہے، پی ٹی آئی قیادت اور حکومت میں ملک چلانے کی صلاحیت ہی نہیں ہے، جب عوام اور سندھ کے حقوق کی بات کریں تو یہ این آر آو کا پروپیگنڈا شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے آدمی کو بڑی کرسی پر بٹھا دیا گیا ہے جو ملک کی تباہی اور بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ سید ناصر شاہ نے کہا کہ جس حکومت سے بلاول بھٹو زرداری کی تقریر ہضم نہیں ہو رہی وہ ہماری احتجاجی تحریک کا سامنا کیسے کریں گے، ان کے کرتوت ہی ان کے خاتمے کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے پہلے مسلم لیگ نواز بھی پیپلز پارٹی کے خلاف یہ ہی باتیں اور پروپیگنڈا کرتی تھی جو آج پی ٹی آئی کر رہی ہے، نہ وہ کچھ ثابت کر سکے نہ یہ کچھ ثابت کر سکیں گے، ان کو بھی ناکامی ہوگی، ہم ہر احتساب اور حساب کے لئے تیار ہیں، ہمیں کوئی خوف نہیں عوام ہمارے ساتھ ہے، ہمیں کسی اور طاقت کی حمایت کی ضرورت نہیں۔


خبر کا کوڈ: 791040

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/791040/پی-ٹی-آئی-قیادت-اور-حکومت-میں-ملک-چلانے-کی-صلاحیت-ہی-نہیں-ہے-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org