0
Saturday 27 Apr 2019 23:59
’’سندھ میں ہوگا کیسے گزارا، آدھا تمہارا آدھا ہمارا‘‘

ایم کیو ایم پاکستان کا سندھ میں نئے صوبے کی تحریک چلانے کا عندیہ

ایم کیو ایم پاکستان کا سندھ میں نئے صوبے کی تحریک چلانے کا عندیہ
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ میں نئے صوبے کی تحریک چلانے کا عندیہ دیدیا، کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کو تقسیم تم پہلے کر چکے ہو، آج ہم اعلان کر رہے ہیں۔ عامر خان کہتے ہیں کہ بھارت سے ہجرت کرکے آنے والے سندھ کے اصل وارث ہیں۔ انہوں نے یہ نعرہ بھی لگا دیا کہ ’’سندھ میں ہوگا کیسے گزارا، آدھا تمہارا آدھا ہمارا‘‘۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے باغ جناح کراچی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم خوش نصیب تھے جو آزادی ملی، ہم بدنصیب ہیں جو آزادی کی قدر نہیں کی، اس ملک کیلئے ہم نے 20 لاکھ جانوں کی قربانی دی، اس ملک کیلئے ہم نے اپنے بچے، زمینیں، یادیں سب چھوڑیں، آگ اور خون کے دریا عبور کرکے اس وطن کو حاصل کیا گیا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان آزادی کے بعد ان ہاتھوں میں چلا گیا جنہیں اس کی قدر نہیں تھی، 1970ء سے پہلے پاکستان، کوریا اور جرمنی کو قرضے دیتا تھا، وہ ابھرتا ہوا پاکستان تھا، پاکستان بنانے والوں کو اس کی سزائیں دی گئیں۔ وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ مذموم سازش کو پیپلز پارٹی کے ذریعے پورا کیا گیا، پیپلز پارٹی دور میں پاکستان بنانے والوں کو نوکریوں سے نکالا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کو تقسیم تم پہلے ہی کرچکے ہو، آج ہم نے اعلان کر دیا ہے، ریاست سمجھ چکی ہے، مہاجروں کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، پاکستان جس مقصد کیلئے بنا وہ حاصل کرکے رہیں گے۔ سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان سے ہجرت کرکے آنے والے ہی سندھ کے اصل وارث ہیں، 1970ء سے قبل ملک میں صرف دو صوبے تھے، ایسٹ پاکستان اور ویسٹ پاکستان۔

عامر خان نے خطاب کے دوران نعرہ لگایا کہ ’’سندھ میں ہوگا کیسے گزارا، آدھا تمہارا آدھا ہمارا‘‘۔ پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنماء نے کہا کہ صوبائی خود مختاری کے نام پر انہوں نے شہری سندھ کو تباہ کرکے رکھ دیا، ہم اسے برداشت نہیں کریں گے، ایم کیو ایم پاکستان صوبائی خود مختاری کیخلاف نہیں، صوبائی خود مختاری کو صوبائی اجارہ داری نہیں بننے دیں گے۔ عامر خان نے مزید کہا کہ سندھ ہمیشہ سے کئی حصوں میں تقسیم رہا ہے، ہمارے آباؤ اجداد کی زمینوں پر آج بھی وڈیروں نے قبضہ کیا ہوا ہے، میرے والدین کی زمین پر بھی وڈیرے قابض ہیں، کئی سالوں سے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا رہا ہوں، وڈیروں اور جاگیرداروں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کو دفن کرنے کی باتیں کرنیوالے خود دفن ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 791043
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش