0
Sunday 28 Apr 2019 12:33

وانا, تنخواہیں نہ ملنے پر خاصہ داروں نے تمام چیک پوسٹیں خالی کردیں

وانا, تنخواہیں نہ ملنے پر خاصہ داروں نے تمام چیک پوسٹیں خالی کردیں
اسلام ٹائمز۔ جنوبی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر وانا میں 1400 خاصہ داروں نے تنخواہیں نہ ملنے پر تمام چیک پوسٹیں خالی کردیں ہیں اور ڈیوٹی دینے سے انکار کردیا۔ اس ضمن میں احمد زئی وزیر، سلیمان خیل اور دوتانی قبائل کے صوبیداروں نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے بچے بھوک سے مررہے ہیں جبکہ سکولوں کی فیسیں نہ ہونے پر بچوں کو سکولوں سے نکالنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ضلعی ہیڈ کوارٹر وانا میں چیک پوسٹیں خالی کرکے ڈیوٹی سے انکار کردیا ہے اور اپنا احتجاج جاری رکھتے ہوئے آئندہ بھی ڈیوٹی نہیں دیں گے۔ صوبیداروں نے کہا کہ ہماری تنخواہیں گذشتہ 10 ماہ سے بند ہیں، ہمارے بچے فاقہ کشی پر مجبور ہیں، جو بچے سکولوں میں پڑھ رہے ہیں تنخواہیں نہ ملنے سے ان کی فیسیں بھی ادا نہیں کرسکتے جس کے باعث انہیں سکولوں سے نکالنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اور جنگ کے دوران پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑے ہیں لیکن حکومت نے اس کا صلہ ہماری تنخواہیں بند کرنے کی صورت میں دیا جو سراسر ظلم اور نا انصافی ہے۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دلنواز کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ٹانک سے وانا کیلئے روانہ ہوچکے ہیں اور کوشش کریں گے کہ خاصہ دار فورس کو جلد از جلد اپنی ڈیوٹیوں پر واپس بھیجنے میں کامیاب ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خاصہ دار فورس کی تنخواہیں تیار ہیں اور چند دنوں میں ان کو مل جائیں گی، البتٰہ ایک مسئلہ یہ سامنے آرہا ہے کہ زیادہ تر خاصہ دار انتقال کر چکے ہیں اور تنخواہیں کمپیوٹرائزڈ طریقے سے آتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کوشش کریں گے کہ اس مرتبہ ان کو کیش میں تنخواہ مل جائے اور آئندہ کیلئے نوکریوں کو دوسرے کے نام پر تبدیل کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ خاصہ داروں نے 22 اپریل سے شروع ہونے والی پولیو مہم کو پورے ہیڈکوارٹر وانا میں ذبردستی بند کر رکھا ہے، مہم کی بندش سے 50 ہزار بچے پولیو قطروں سے تاحال محروم ہیں۔ خیال رہے کہ خاصہ داروں کے اس احتجاج میں لیویز اہلکار شرکت نہیں کررہے ہیں اور وہ اپنی ڈیوٹیوں پر موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 791110
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش