QR CodeQR Code

صدارتی نظام کے نفاذ کیلئے آئین کو معطل کرنا ہوگا، خورشید شاہ

28 Apr 2019 23:49

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم کی راہ میں اپوزیشن رکاوٹ نہیں، نیب قوانین میں ایسی ترامیم چاہتے ہیں جو آئین و قانون سے متصادم نہ ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی الگ صوبے کی قرار داد سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، طاقت ہے تو وہ قرارداد منظور کرکے دکھائیں، صدارتی نظام کا شوق پورا کرنے کیلئے آئین کو ختم کرنا پڑے گا۔ سکھر سول ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ آئین میں صدارتی نظام کی کوئی گنجائش نہیں ہے، صدارتی نظام کا شوق رکھنے والے اپنا شوق پورا کر لیں، مگر اس کے لیے انہیں آئین ختم کرنا پڑے گا، کسی میں طاقت ہے تو آئین کو ختم کر دے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں ترامیم کی راہ میں اپوزیشن رکاوٹ نہیں، نیب قوانین میں ایسی ترامیم  چاہتے ہیں جو آئین و قانون سے متصادم نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمنٹ میں احتجاج کر رہے ہیں اور احتجاج کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ سڑکوں پر آکر پتھراؤ کریں، ہنگامہ آرائی کریں، اگر پانی سر سے گزر گیا تو پھر تنگ آمد بجنگ آمد ہوگی۔ سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق نے سندھ کو فنڈز کم دیئے ہیں جس کی وجہ سے صوبہ کی ترقی رک گئی ہے، اس سال وفاق نے سندھ کو 120ارب روپے کم دیے، چیف منسٹر بھی پیسے کم ملنے پر احتجاج کر رہے ہیں، ساتھ ہی وفاق کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کو بھی پیسے کم ملے۔


خبر کا کوڈ: 791183

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/791183/صدارتی-نظام-کے-نفاذ-کیلئے-ا-ئین-کو-معطل-کرنا-ہوگا-خورشید-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org