0
Tuesday 30 Apr 2019 18:20

بی آر ٹی پشاور میں ایک اور نقص سامنے آگیا

بی آر ٹی پشاور میں ایک اور نقص سامنے آگیا
اسلام ٹائمز۔ پشاور کے بس ریپڈ ٹرانسپورٹ منصوبے میں نقائص کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلے انڈر پاس میں گیس لائن لگی چھوڑ دی گئی تھی، اب صدر کے علاقے میں تعمیر شدہ پل کے ڈیزائن میں تبدیلی کی جارہی ہے جہاں تنگ موڑ کے باعث بسیں آسانی سے مڑ نہیں سکتی۔ بی آر ٹی منصوبے میں نیا نقص اسوقت سامنے آیا جب 12 میٹر طویل بسوں کی آزمائش کی گئی، غربی پولیس اسٹیشن صدر بازار کے قریب پل پر تنگ موڑ کے باعث آمنے سامنے سے آنیوالی بسوں کا ایک ساتھ گزرنا ممکن نہیں، جس کے باعث پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اس موڑ کو مزید چوڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹھیکیدار نے اس موڑ پر پل کے نیچے نیا ستون کھڑا کردیا جبکہ پہلے سے موجود دو ستونوں کو بھی مزید چوڑا کرنے کیلئے اس کے گرد سریئے لگا دیئے گئے ہیں۔ نئے ستون کے ذریعے پل کو چوڑا کیا جائے گا جس سے بسیں تنگ موڑ سے باآسانی گزر سکیں گی۔

اس معاملے سے آگاہ حکام کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے کی مرکزی راہداری میں چلائی جانیوالی 18 میٹر لمبی بسوں کی آزمائش تاحال نہیں کی گئی۔ بی آر ٹی منصوبے میں کام کرنیوالے ایک انجینئر کا کہنا ہے کہ اگر اس موڑ سے 12 میٹر لمبی بسیں نہیں گزر پا رہیں تو یقیناً 18 میٹر لمبی بسوں کیلئے بھی یہ مسئلہ ہوگا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اسے اسکیبنگ کہتے ہیں جو کسی بھی طرح بہتر حل نہیں ہے، اضافی حصہ جو بنیادی ساخت کا لازمی حصہ نہ ہو اسے کاسمیٹک سرجری کہتے ہیں اور وہ قلیل مدت کیلئے بہتر تو ہوسکتا ہے تاہم اس سے پائیداری حاصل نہیں کی جاسکتی۔ پاکستان تحریک انصاف کا خیبر پختونخوا کیلئے سب سے بڑا منصوبہ بی آر ٹی افتتاح کی تاریخ اور ڈیزائن میں بار بار تبدیلی کی وجہ سے ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے، جس کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہے بلکہ اس کی لاگت میں بھی 18 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 791524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش