0
Thursday 2 May 2019 04:16

احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عید کے بعد پارلیمان کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا۔ کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج یوم مزدور پر قائد آباد میں جمع ہوکر اپنا فرض ادا کررہے ہیں، نئے پاکستان میں مزدور کو لاوارث چھوڑ دیا گیا، مزدور کمر پر گندم کی بوری اُٹھا سکتا ہے لیکن کھا نہیں سکتا، ان محنت کش مزدوروں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، ملک میں مزدور یونین کو کمزور کیا جا رہا ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، ملک میں کسی نے مزدور کا خیال رکھا تو وہ پیپلز پارٹی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مزدور کے جو بھی حقوق ہیں وہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہیں، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں کسانوں کو یونین سازی کا حق ہے جب کہ دوسرے صوبوں کی حکومتوں نے مزدوروں کے لئے کچھ نہیں کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ کس قسم کی تبدیلی سرکار ہے امیروں کے لئے ایمنسٹی جبکہ غریبوں کے لئے مہنگائی، بوجھ ڈالنا ہے تو اپنے امیرترین دوستوں پر ڈالیں، جتنا قرض انہوں نے لیا ملکی تاریخ میں نہیں لیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے تسلیم کرلیا کہ اُن کی معاشی ٹیم ناکام ہوچکی ہے، ان کو اس ملک کےعوام سے معافی مانگنی چاہیئے، عوام کے 8 ماہ ضائع کردیئے، حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام اُٹھا رہے ہیں، وزیر خزانہ ہٹانے کے بعد انہوں نے خزانہ کی چابی زرداری کے وزیر خزانہ کو دی، ہمارے وزیر خزانہ کو تو لے لیا لیکن ہماری عوام دوست پالیسز نہیں  لے رہے کیوں کہ نقل کے لئے عقل چاہیئے ہوتی ہے، وزیراعظم نے اعلان کردیا کہ وہ ناکام اور نااہل ہیں۔
 
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے عید کے بعد پارلیمان کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا، ہم احتساب کے خلاف نہیں احتساب سب کا ہونا چاہیئے، جج، جنرل سیاستدانوں سب کے احتساب کے لئے ایک قانون بنایا جائے، دوغلی پالیسی اب نہیں چلے گی، ہم احتساب کے خلاف نہیں ہیں مگر نیب گردی نہیں کرنے دیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے معیشت کی ناکامی، بڑھتی معاشی بدحالی پر عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے کسی خفیہ ڈیل کو ہم تسلیم نہیں کریں گے، ایم کیو ایم والوں نے اپنے قائد سے غداری کی اور کراچی کے لوگوں کو لاوارث چھوڑ دیا، الطاف حسین کے گناہوں کی سزا کراچی کے لوگوں کو نہیں دی جاسکتی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم دونوں کو کراچی کی حالت کا حساب دینا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 791716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش