QR CodeQR Code

پشاور میں شہر کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ہڑتال

2 May 2019 13:24

احتجاجی ڈاکٹر گروپوں کی صورت میں اکٹھے ہورہے ہیں اور دیگر ڈاکٹروں کو بھی او پی ڈی کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ ہسپتال کی اوپی ڈی میں مریضوں کو پرچیاں تو دی جارہی ہیں تاہم ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز مریضوں کو نہیں دیکھ رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور کے تمام بڑے شہروں میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے تمام بڑے شہروں میں ہڑتال کے باعث مقامی اور دور دراز اضلاع سے آئے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ڈاکٹر تنظیموں نے حکومت کی ہر دھمکی نظرانداز کردی اور ضلعی ہسپتالوں میں پچھلے ایک ہفتے سے ہڑتال جاری ہے جس کے باعث او پی ڈی اور دیگر سروسز معطل ہیں تاہم ایمرجنسی کھلی ہے، اوپی ڈی میں آئے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سے قبل حکومت نے ہڑتالی ملازمین کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی دھمکی دی تھی لیکن حکومتی تنبیہ کے باوجود ڈاکٹروں کا ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور صوبہ بھر کے ڈاکٹرز ایل آر ایچ میں جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ احتجاجی ڈاکٹر گروپوں کی صورت میں اکٹھے ہورہے ہیں اور دیگر ڈاکٹروں کو بھی او پی ڈی کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ ہسپتال کی اوپی ڈی میں مریضوں کو پرچیاں تو دی جارہی ہیں تاہم ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز مریضوں کو نہیں دیکھ رہے ہیں۔ دوسری جانب ایل آر ایچ میں بھاری پولیس کی نفری تعینات ہے، ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر بھی ہسپتال میں موجود ہیں اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت ایکشن کی تیاری کی جارہی ہے۔ خیبر پختونخوا ڈاکٹرز کونسل کا کہنا ہے کہ ہم حکومت کے کسی بھی نمائندے کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، ڈومیسائل کی بنیاد پر تبادلوں اور مجوزہ ہیلتھ اتھارٹیز کے خلاف احتجاج میں مزید شدت لائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 791788

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/791788/پشاور-میں-شہر-کے-تمام-بڑے-ہسپتالوں-ہڑتال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org